Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / میرٹ طلباء کو گولڈ میڈل اور فلاحی خدمات کا آغاز

میرٹ طلباء کو گولڈ میڈل اور فلاحی خدمات کا آغاز

جامعہ عثمانیہ کے فارغین اور شکاگو میں مقیم حیدرآبادیوں کی فلاحی تنظیم کا قیام ، اوصاف سعید کا خطاب
حیدرآباد ۔ /14 اکٹوبر (سیاست نیوز) امریکہ بالخصوص شکاگو میں موجود حیدرآبادیوں اور جامعہ عثمانیہ کے فارغین کی جانب سے شہر حیدرآباد میں فلاحی خدمات کا آغاز کیا جارہا ہے اور تعلیم کے شعبہ میں بہترین مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ میڈل کی حوالگی کے ذریعہ ان کی حوصلہ افزائی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید قونصل جنرل ہند متعینہ شکاگو نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ دی گلوری آف حیدرآباد‘‘ کے نام سے ایک تنظیم قائم کی گئی ہے جس کی صدارت جناب میر ضیاء الدین علی خان کررہے ہیں ۔ جبکہ مسٹر دیپک ویاس سی او ریڈ بیری فاؤنڈیشن بھی اس تنظیم سے وابستہ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شکاگو میں موجود حیدرآبادیوں کے تعاون سے حیدرآباد میں جامعہ عثمانیہ ، نیلوفر ہاسپٹل  کے علاوہ فاؤنڈیشن فار اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ کے تعاون سے فلاحی سرگرمیوں کی انجام دہی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ، جناب عبدالقیوم خان ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مسٹر راجیش تیواری ہیلت سکریٹری کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے متواتر ملاقاتوں کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں جامعہ عثمانیہ سے سب سے زیادہ نشانات حاصل کرتے ہوئے کامیاب ہونے والے طالبعلم کو گولڈ میڈل دیا جائے گا اور ہر سال اس کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ علاوہ ازیں بی ای میں تعلیم حاصل کررہے یونیورسٹی کالج کے ایسے طالبعلم کو جو معاشی طور پر کمزور ہو اور اعلیٰ نشانات حاصل کیا ہو اسے مکمل کورس کے دوران اسکالر شپ فراہم کی جائے گی ۔ جناب اوصاف سعید نے بتایا کہ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس وقارآباد میں 2017-18 ء انٹرمیڈیٹ سال اول کے 5 طلباء کو اسپانسر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں جناب غیاث الدین بابو خان منیجنگ ٹرسٹی سے تفصیلی مشاورت کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس کے طلباء کو اسپانسر کرنے اور انہیں اعلیٰ بہتر تعلیم کی فراہمی کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جاچکے ہیں ۔ ڈاکٹر دیپک کانت ویاس نے بتایا کہ نیلوفر ہاسپٹل کے علاوہ شعبہ صحت سے متعلقہ اداروں میں خدمات کی انجام دہی کیلئے ریڈ بیری فاؤنڈیشن تیار ہے اور اس سلسلے میں عہدیداروں سے ملاقات بھی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں سے تجاویز موصول ہونے کے بعد گلوری آف حیدرآباد کے ساتھ حیدرآباد میں خدمات کی انجام دہی کا آغاز کیا جائے گا ۔ جناب میر ضیاء الدین علی خان نے کہا کہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شکاگو کے لوگوں کی اس تنظیم میں مسٹر اقبال بیگ نائب صدر ، مسٹر سید اشفاق حسین سکریٹری ، ڈاکٹر مظفر مرزا کے علاوہ دیگر شامل ہیں جو اپنے شہر کیلئے کچھ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ صدر گلوری آف حیدرآباد جناب میر ضیاء الدین علی خان نے بتایا کہ اس تنظیم کا قیام شہر حیدرآباد میں فلاحی خدمات و تعلیمی ترقی کے علاوہ صحت کے شعبہ میں خدمات کی فراہمی کیلئے ہی عمل میں لایا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT