Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / میری ریاست میں مسلمان اور عیسائی خوشحال : چیف منسٹر

میری ریاست میں مسلمان اور عیسائی خوشحال : چیف منسٹر

ریاست میں تمام طبقات کی ترقی و خوشحالی حکومت کی ذمہ داری : کرسمس ڈنر کے موقع پر کے چندراشیکھرراو کا خطاب

حیدرآباد ۔ 20؍ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں تمام طبقات کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور جس ریاست میں سب خوشحال ہوں وہی ریاست مثالی کہلاتی ہے ۔ حکومت تلنگانہ ہمیشہ اس بات کیلئے کوشاں ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مسلمان اور عیسائی خوشحال رہیں ۔ چیف منسٹر کے چندراشیکھرراؤ نے آج حکومت تلنگانہ کی جانب سے عیسائی طبقہ کے لئے منعقدہ کرسمس ڈنر کے موقع پر پر خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عیسائی طبقہ کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے حل کے لئے منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں ۔ لیکن ریاست کے بعض اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے باعث کوئی اعلان کرنے سے قاصر ہیں ۔ مسٹر کے چندراشیکھرراؤ نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ بہت جلد عیسائیوں کے مسائل کے حل کے لئے عیسائی رہنماوں کے ہمراہ مشاورتی اجلاس منعقد کرے گی ۔ انہوں نے اس موقعہ پر عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ حکومت کی جانب سے اتنے بڑے پیمانے پر کرسمس تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں ۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء جناب محمد محمود علی‘ مسٹر این نرسمہاریڈی ‘ مسٹر ٹی سرینواس یادو ‘ مسٹر پدماراؤ ‘ مسٹر جتیندر ریڈی ‘ مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ‘ رکن قانون ساز کونسل جناب الحاج محمد سلیم ‘ جناب عمر جلیل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود ‘ جناب ایم جے اکبر ‘ ڈاکٹر ایس اے شکور ‘ مسٹر اسٹفینس رکن اسمبلی کے علاوہ عیسائی رہنماوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ چیف منسٹر نے اس موقعہ پر بتایا کہ عیسائی طبقہ میں سب سے زیادہ مسائل دلت عیسائیوں کے ہیں اور ان مسائل حل کے لئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی ارکان پارلیمان آواز اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ خود بھی اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ اس تقریب میں عیسائی طبقہ کے 6 معزز افراد کو نقد انعامات پیش کئے گئے جنہوں نے مختلف شعبہ حیات میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے کرسمس کیک کاٹا اور یتیم بچوں میں تقسیم کرتے ہوئے کچھ وقت ان کے ساتھ گذارا اور انہیں کرسمس کی مبارکباد پیش کی ۔

TOPPOPULARRECENT