Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / میری کارکردگی میں مسلسل بہتری آتی جا رہی ہے : باکسر وجئیندر

میری کارکردگی میں مسلسل بہتری آتی جا رہی ہے : باکسر وجئیندر

ڈبلن 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی باکسر وجیندر سنگھ نے اپنی مسلسل دوسری ناک آوٹ کامیابی کے بعد آج کہا کہ وہ پروفیشنل باکسنگ میں تیزی سے اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کر رہے ہیں حالانکہ انہیں ابھی ورلڈ چمپئن بننے کے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ وجئیندر سنگھ نے گذشتہ شب اپنے دوسرے پروفیشنل مقابلہ میں انگلینڈ کے ڈین گلن کو صرف دو منٹ کے اندر چوتھے راونڈ میں ناک آوٹ کرکے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی تھی ۔ ہندوستانی باکسنگ اسٹار فی الحال پروفیشنل باکسنگ میں ایک ہفتے کا بریک حاصل کرینگے اور ہندوستان جا کر اپنے افراد خاندان کے ساتھ دیوالی منائیں گے ۔ 30 سالہ وجیندر سنگھ نے کل رات اپنی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کامیابی بہت تیز رفتاری سے حاصل کی گئی ہے ۔ انہوں نے گذشتہ مہینے اپنے اولین پروفیشنل مقابلہ میں سونی وائیٹنگ کو ٹکنیکل ناک آوٹ میں شکست سے دو چار کردیا تھا ۔ کل رات ہوئے اپنے مقابلہ کے تعلق سے وجئیندر نے کہا کہ انہیں یہ احساس ہو رہا تھا کہ یہ مقابلہ زیادہ دیر نہیں چلے گا اور انہیں جلدی کامیابی حاصل ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں میدان میں اتر کر بہت اچھا محسوس ہو رہا تھا اور جب ابتداء میں انہوں نے کچھ مکے رسید کئے تو انہیں یہ احساس ہوگیا تھا کہ وہ بہت جلد اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرلیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب پہلی مرتبہ ان کا مقابل مکہ باز گر گیا تو ریفری کا یہ کہنا تھا کہ وہ پھسل گیا ہے ۔ اس تعلق سے وہ مطمئن نہیں تھے ۔ تاہم جب گلن نے دوبارہ مقابلہ شروع کیا تو میں یہ سمجھ چکا تھا کہ وہ مار کھاچکا ہے اور میں سیدھے اس پر مکے رسید کرنے لگا اور اس وقت تک نہیں رکا جب تک وہ گر نہیں گیا ۔ وجئیندر نے کہا کہ وہ باکسنگ کے ہر شعبہ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT