Wednesday , June 28 2017
Home / Top Stories / میرے ساتھ زبردستی ہوئی ہے، ہندوستان واپس جاؤنگی : ڈاکٹر عظمیٰ

میرے ساتھ زبردستی ہوئی ہے، ہندوستان واپس جاؤنگی : ڈاکٹر عظمیٰ

اسلام آباد ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں پناہ لینے والی ڈاکٹر عظمیٰ نے اپنے پاکستانی شوہر طاہر علی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اور اْن کے اہلخانہ انھیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔یہ دعویٰ انھوں نے اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں دائر کی گئی ایک درخواست میں کیا ہے۔ڈاکٹر عظمی اور پاکستانی لڑکے طاہر علی کی شادی اس ماہ کی تین تاریخ کو ہوئی تھی جبکہ وہ یکم مئی کو واہگہ بارڈر کے راستے نئی دلی سے پاکستان آئی تھیں۔نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ڈاکٹر عظمی نے مقامی مجسٹریٹ حیدر علی کی عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی بندوق کی نوک پر کروائی گئی ہے جبکہ وہ شادی کی غرض سے نہیں بلکہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے پاکستان آئی تھیں۔تاہم ابھی تک پاکستان میں ڈاکٹر عظمی کے رشتہ دار سامنے نہیں آئے ہیں۔ڈاکٹر عظمی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کی امیگریشن کی دستاویزات بھی چھین لی گئیں۔اْنھوں نے اپنے شوہر کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک وہ بحفاظت اپنے وطن واپس نہیں پہنچ جاتیں اس وقت تک وہ اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے باہر نہیں جانا چاہتیں۔یاد رہے کہ طاہر علی اپنے اہلیہ کے ہمراہ 5 مئی کو ویزے کی معلومات لینے کے لیے ہندوستانی ہائی کمیشن گئے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عظمی ہائی کمیشن کے اندر چلی گئیں جبکہ طاہر علی کو باہر ہی روک لیا گیا تھا۔پہلے تو انڈین ہائی کمیشن کے حکام نے انھیں کہا تھا کہ ان کی بیوی ہائی کمیشن میں موجود نہیں لیکن ایک روز کے بعد ہائی کمیشن نے پاکستانی دفتر خارجہ سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ڈاکٹر عظمی اپنی مرضی سے ہائی کمیشن میں رکی ہیں۔ڈاکٹر عظمی کے شوہر طاہر علی پیر کو اپنے بیوی سے ملنے کے لیے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں پہنچے تاہم ان کی اپنی منکوحہ سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔دوسری طرف ڈاکٹر عظمی کے سْسر نذیر الرحمن نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کے شوہر یا سسرال والوں نے ڈاکٹر عظمی کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اْنھوں نے کہا کہ ان دونوں کی شادی رضامندی سے ہوئی ہے اور ان کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں کی گئی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT