Friday , October 20 2017
Home / جرائم و حادثات / میرے گن مین نے دو راؤنڈ فائرنگ کی: بلعلہ

میرے گن مین نے دو راؤنڈ فائرنگ کی: بلعلہ

اکبراویسی حملہ کیس میں وکیل دفاع کی رکن اسمبلی ملک پیٹ سے جرح
حیدرآباد ۔ /21 اپریل (سیاست نیوز) رکن اسمبلی چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی حملہ کیس کی سماعت آج بھی جاری رہی جس کے دوران مجلسی رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ پر وکیل دفاع نے جرح کیا ۔ احمد بلعلہ سے وکیل دفاع ایڈوکیٹ اچوتا ریڈی نے یہ سوال کیا کہ /30 اپریل 2011 ء کو اکبر اویسی پر حملہ کے دوران ان کے گن مین جانی میاں نے ابراہیم بن یونس یافعی پر کتنے راؤنڈ فائرنگ کی ۔ رکن اسمبلی نے اپنے جواب میں بتایا کہ ان کے گن مین نے دو راؤنڈ فائرنگ کی تھی جبکہ سابق میں جانی میاں گن مین نے عدالت کو دیئے گئے اپنے بیان میں یہ اعتراف کیا تھا کہ اُس نے نوجوان پر تین راؤنڈ فائرنگ کی تھی ۔ جرح کے دوران بلعلہ سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ حملہ کیس کی سماعت کے دوران وہ کتنی مرتبہ عدالت میں موجود رہے ۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ اب تک تین مرتبہ انہوں نے عدالت میں حاضری دی ہے ۔ کیر ہاسپٹل میں زیرعلاج اکبر الدین اویسی کا کون شخصی مددگار تھا ۔ بلعلہ نے بتایا کہ زخمی رکن اسمبلی کے ارکان خاندان دواخانہ میں ساتھ تھے ۔ جرح کے دوران ایڈوکیٹ اچوتا ریڈی نے احمد بلعلہ سے یہ سوال کیا کہ اکبر اویسی سے انہوں نے کتنے سالوں سے قربت اختیار کی ہے ۔ بلعلہ نے بتایا کہ 2009 ء انتخابات کے بعد وہ اکبر اویسی سے قریب ہوگئے اور انہیں اس بات کا علم نہیں ہے کہ کون اکبر اویسی کے قریبی دوست ہیں ۔ کیس کی سماعت کے موقع پر محمد بن عمر یافعی المعروف محمد پہلوان اور ان کے دیگر ارکان خاندان کو سخت سکیورٹی کے درمیان نامپلی کریمنل کورٹ کے ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹین کے اجلاس پر پیش کیا گیا ہے اور کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT