Friday , July 28 2017
Home / سیاسیات / میسا بھارتی کیخلاف ای ڈی کا سمن جاری ،آج دستاویزات کیساتھ طلبی

میسا بھارتی کیخلاف ای ڈی کا سمن جاری ،آج دستاویزات کیساتھ طلبی

نئی دہلی ۔10جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کی دختر اور رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی اور ان کے شوہر سیلیش کے خلاف 8000 کروڑ روپئے مالیتی رقمی ہیرپھیر کے مقدمہ میں کئے گئے حالیہ دھاوؤں کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی ) نے ان (میسابھارتی) کے خلاف سمن جاری کئے ہیں اور انھیں کل اس کیس کی تحقیقات کرنے والے افسر کے روبرو پوچھ گچھ کے لئے حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ میسا بھارتی کو اپنے شخصی مالیہ کے بشمول بعض دیگر دستاویزات بھی اپنے ساتھ لانے کیلئے کہا گیا ہے ۔ میسا کے شوہر سلیش کمار کی طلبی بھی متوقع ہے ۔ مرکزی تحقیقات ادارہ نے میسا بھارتی ، سیلیش اور ان سے متعلق ایک ادارہ کے دہلی میں واقع تین احاطوں پر دھاوے کئے تھے جن پر شل کمپنیوں سے متعلق رقمی ہیر پھیر میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ ای ڈی کے اس اقدام سے ایک دن قبل سی بی آئی رشوت ستانی کے مقدمہ میں لالو پرساد یادو اور ان کے ارکان خاندان کے متعدد احاطوں پر دھاوے کئے تھے ۔ میسا بھارتی اور ان کے شوہر سیلیش کے دہلی میں واقع فارم ہاؤزوں کے علاوہ مشائیل پرنٹرس اینڈ بیکرس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام پر درج ایک ادارہ کے احاطہ پر بھی دھاوے کے گئے ہیں۔ جس کے بعد یہ تحقیقاتی ایجنسی اب میسا بھارتی سے پوچھ گچھ اور ضبط شدہ دستاویزات کی جانچ کرنا چاہتی ہے ۔ دہلی کے دو تاجر بھائیوں سریندر کمار جین اور ویریندر جین کے خلاف 8000 کروڑ روپئے کی رقمی ہیر پھیر کی تحقیقات کے ضمن میں ای ڈی نے یہ دھاوے کئے تھے ۔ ان دونوں بھائیوں اور ساتھیوں پر زائد از 90 شل کمپنیوں کے استعمال کے ذریعہ کروڑوں روپئے کی رقمی ہیرپھیر کرنے کا الزام ہے ۔ جین برادران کو ای ڈی نے قانون انسداد رقمی ہیرپھیر کے تحت گرفتار کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT