Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / میسی کی بدولت ارجنٹینا کی کوپا امریکا کے فائنل میں رسائی

میسی کی بدولت ارجنٹینا کی کوپا امریکا کے فائنل میں رسائی

ہیوسٹن ، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی شہرت یافتہ اسٹار لیونل میسی کے شاندار کھیل کی بدولت ارجنٹینا نے امریکہ کو 4-0 سے شکست دے کر لگاتار دوسری مرتبہ کوپا امریکا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ منگل کی رات ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پانچ مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے میسی نے اپنے شاندار کھیل سے اسٹیڈیم میں موجود 70ہزار سے زائد تماشائیوں کو دم بخود کردیا۔ انھوں نے میچ کے تیسرے منٹ میں ایکوئیل لویزی کو پاس دیا جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ کھیل کے 32ویں منٹ میں ملنے والی فری کک کو خود میسی نے گول میں تبدیل کیا۔ جب پہلا ہاف ختم ہوا تو ارجنٹینا کو میچ میں 2-0 کی واضح برتری حاصل تھی۔ کھیل کے 55ویں منٹ میں گونزالو ہگوین نے گیند کو گول میں پہنچا کر امریکہ کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امیدیں بھی ختم کردیں۔ میچ ختم ہونے سے چار منٹ قبل میسی ایک مرتبہ پھر منظر پر نمایاں ہوئے اور انہوں نے ہگوین کو خوبصورت پاس دیا جنہوں نے گیند کو جال میں پہنچا
کر اپنی ٹیم کی برتری 4-0 کردی۔ اس میچ میں فتح کی بدولت ارجنٹینا نے کوپا فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ نیو جرسی میں دوشنبہ 27 جون کو مقررہ فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ چلی یا کولمبیا سے ہو گا۔ کوپا امریکا کا دوسرا سیمی فائنل آج دیر گئے کھیلا جارہا ہے۔

ارجنٹائن کیلئے سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ میسی کے نام!
ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے اپنے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انھوں نے یہ کارنامہ کوپا امریکا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں امریکہ کے خلاف سر انجام دیا۔ 28 سالہ میسی نے اس میچ میں ارجنٹائن کی جانب سے مجموعی طور پر 55 واں گول کر کے اپنے ہم وطن گیبرئیل بیٹسٹوٹا کے 54 گول کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ امریکہ کے خلاف سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد میسی نے کہا: ’’میں بٹسٹوٹا کا ریکارڈ توڑنے پر بہت خوش ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

TOPPOPULARRECENT