Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / میسی کی ہیٹ ٹرک ، ارجنٹینا کوارٹر فائنل میں داخل

میسی کی ہیٹ ٹرک ، ارجنٹینا کوارٹر فائنل میں داخل

شکاگو 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) لیونل میسی نے شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے کوپا امریکہ ٹورنمنٹ کی یادگار شروعات کی اور ارجنٹینا نے پناما کے خلاف 5-0 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ میسی جنھیں ٹورنمنٹ میں شرکت کے لئے انتظار کرنا پڑا تھا ، کیوں کہ وہ پیٹھ کی تکلیف سے صحت یاب ہورہے تھے اور اِس مقابلہ کے لئے بھی ارجنٹینا کے کوچ گیرارڈو مارٹینو نے میسی کو متبادل کھلاڑیوں میں شامل رکھا تھا لیکن جیسے ہی مقابلہ کے 61 ویں منٹ میں میسی کو اگسٹو فرنانڈیز جنھوں نے گروپ ڈی کے افتتاحی مقابلہ میں ٹیم کو 1-0 کی کامیابی دلوائی تھی، ان کے مقام پر میدان میں اُتارا تو میسی نے اپنی تیز رفتاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔ میسی نے میدان پر آنے کے بعد ساتویں منٹ میں ہی اپنا پہلا گول بنایا جس کے بعد 78 ویں منٹ میں فری کک کو گول میں تبدیل کیا۔ جس وقت پناما کے کھلاڑی بے حال ہوچکے تھے، اُس وقت میسی نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ قبل ازیں چلّی کے خلاف بھی ارجنٹینا کو 2-1 کی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور گروپ مرحلہ میں آخری مقابلہ کے منعقد ہونے سے قبل ہی ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

TOPPOPULARRECENT