Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ریل پراجکٹ پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کا ارادہ

میٹرو ریل پراجکٹ پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کا ارادہ

پراجکٹ کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کا تیقن ، کے ٹی آر کے ساتھ اجلاس ۔ مرکزی وزیر دتاتریہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر لیبر و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وہ حیدرآباد میٹرو ریل کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے تبادلہ خیال کریں گے اور اس کی جلد شروعات کو یقینی بنائیں گے ۔ مرکزی وزیر لبیر و ریاستی وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ کے مابین ایک جائزہ اجلاس کے دوران مسٹر دتاتریہ نے کہا کہ وہ اس پراجکٹ کی جلد تکمیل کے لیے کے چندر شیکھر راؤ سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد کو ایک عالمی اور بین الاقوامی شہر بنایا جاسکتا ہے ۔ ایم ایم ٹی ایس کے لیے مرکزی حکومت ضروری فنڈز فراہم کررہی ہے اور اس کے فروغ اور توسیع کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ائی ٹی آئی ار پر تازہ پراجکٹ رپورٹ پیش کرتے ہوئے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مرکزی حکومت کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ مرکزی حکومت ریاست کی تیز رفتار ترقی کے لیے تعاون کرے ۔ واضح رہے کہ بنڈارو دتاتریہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ ٹی آر ایس حکومت خشک سالی سے نمٹنے مرکز کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر کے تعلق سے بھی ریمارک کیا تھا جس کے بعد کے ٹی راما راؤ نے مسٹر دتاتریہ سے آج ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کے لیے تعاون کی خواہش کی ۔ انہوں نے حیدرآباد کو آئی ٹی ہب بنانے کے تعلق سے بھی دتاتریہ سے تبادلہ خیال کیا ۔

TOPPOPULARRECENT