Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو ریل پراجکٹ کی مخالفت سے سلطان بازار تاجرین دستبردار

میٹرو ریل پراجکٹ کی مخالفت سے سلطان بازار تاجرین دستبردار

خصوصی پیکیج کی پیشکش پر جائیدادیں حوالے کرنے اتفاق
حیدرآباد /25 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ میں ایک بڑی رکاوٹ کو آج دور کرلیا گیا جبکہ بڑی چاؤڑی تا سلطان بازار دکانداروں نے اپنی جائیدادیں مذکورہ پراجکٹ کیلئے حوالے کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ اس خصوص میں منیجنگ ڈائرکٹر HMR مسٹر این وی ایس ریڈی کی زیر قیادت عہدیداروں کی ٹیم اور سلطان بازار ٹریڈرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ۔ اجلاس میں کمیٹی کے قائدین گویند راٹھی اور وی کشن یادو اور سابق وزیر پی راما سوامی ، شریک تھے ۔روز اول سے ہی سلطان بازار کے تاجرین ، میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے اپنی جائیدادیں ( دکانات ) دینے کیلئے آمادہ نہیں تھے جس کے خلاف احتجاجی مظاہرے ، بند بھی منایا گیا تھا لیکن آج خصوصی پیکیج دینے کی پیشکش پر اپنی مخالفت ختم کردی ہے ۔ معاہدہ کے مطابق کاچی گوڑہ چوراہا تا باٹا جنکشن (بڑی چاؤڈی ) سڑک کی توسیع 80 فٹ ، باٹا جنکشن تا آندھرا بینک جنکشن ( براہ سلطان بازار ) کی سڑک کی توسیع 65 فٹ ، آندھرا بینک تا پتلی جنکشن سڑک کی توسیع کو 80 فٹ تک گھٹا دیا جائے گا ۔ کسی مذہبی مقام یا دیگر حساس ڈھانچوں سے چھڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی ۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ سلطان بازار کی تنگ سڑک کو 80 فٹ تک توسیع دیتے ہوئے ہاکرس پیراڈائز کے طور پر ترقی دی جائے گی ۔ جہاں پر 2 کروڑ کے مصارف سے دکانداروں اور خریداروں کیلئے عصری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور مستقبل قریب میں یہاں پر نائٹ بازار قائم ہونے کا قوی امکان ہے ۔ چیف انجینئیر HMR مسٹر محمد ضیاء الدین نے پتلی باؤلی میں 13 کروڑ کے مصارف سے تعمیر کردہ آر آر کامپلکس کے امتیازی خصوصیات پر روشنی ڈالی ۔ اور بتایا کہ 2,000 مربع گز پر محیط کامپلکس کا ڈیزائن آل انڈیا آرکٹکلچرل ڈیزائن کامپٹیشن سے انتخاب کیا گیا ہے ۔ جہاں پر عثمانیہ میڈکل کالج اور جام باغ کی طرف سے داخلہ کی سہولت ہوگی جبکہ او ایم سی اسٹیشن اور سلطان بازار اسٹیشن سے اسکائی واک کے ذریعہ مربوط کیا جائے گا ۔ یہ منفرد کامپلکس سلطان بازار کے دکانداروں اور ہاکرس کیلئے مختص کئے جائے گا اور وسیع تر پارکنگ سی سی ٹی وی کیمروں ، آتش فرو آلات ، اور نیچرل وینٹلیٹر سے آراستہ ہوگا ۔ منیجنگ ڈائرکٹر نے یہ اشارہ دیا کہ ریل پراجکٹ سے جو کرایہ دار متاثر ہو رہے ہیں انہیں مناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔ اس موقع پر بڑی چاؤڈی ، سلطان بازار اور پتلی باؤلی کے دکانداروں اور ہاکرس نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی اظہار تشکر کیا ۔ میٹرو ریل پراجکٹ کی تعمیر میں ممکنہ تعاون کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT