Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / میٹرو لائن کیلئے پنجہ گٹہ چوراہا مشکل ترین مرحلہ

میٹرو لائن کیلئے پنجہ گٹہ چوراہا مشکل ترین مرحلہ


انجینئرنگ کی صلاحیتیں ظاہر کرنے کا موقع ، کئی ماہرین گتھی سلجھانے میں مصروف
حیدرآباد۔11 اکتوبر (آئی این این) حیدرآباد میٹرو ریلوے لائن کیلئے جاری کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ پنجہ گٹہ چوراہا ہے۔ اس ریلوے لائن کی راہ میں شہر حیدرآباد کے 85 اہم ٹریفک جنکشنس آرہے ہیں، ان میں سے سب سے اہم پنجہ گٹہ جنکشن ہے۔ 85 فلائی اوورس جیسی عمارتوں سے یہ ریلوے لائن گذر رہی ہے۔ شہر کا سب سے مصروف ترین علاقہ پنجہ گٹہ میں بھی فلائی اوور موجود ہے۔ یہاں پر شہر کی مختلف سمتوں سے ٹریفک گذرتی ہے۔ پنجہ گٹہ پر تعمیر کئے جانے والے میٹرو ریلوے لائن کی انجام دہی اور اس کی ڈیزائننگ میں کئی انجینئرنگ چیلنجس رونما ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس چیلنج کو انجینئرنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع متصور کرتے ہوئے اس کا سامنا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے بعد سے کئی ماہرین شہر کے اس مصروف ترین چوراہا پنجہ گٹہ میں میٹرو ریلوے لائن کیلئے ڈیزائن بنا رہے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل مینیجنگ ڈائریکٹر این وی ایس ریڈی نے وی بی گڈگل اور ڈائریکٹر ایم پی نائیڈو، ایل ٹی ایم ایل ایچ، ایچ ایم آر سی ای محمد ضیاء الدین، ایل اینڈ ٹی کنسٹرکشن کے سربراہان سی شنکرا لنگم اور کے ایس ریڈی نے ڈیزائن وضع کیا ہے اور تعمیراتی حکمت عملیاں بنائی ہیں۔ پنجہ گٹہ فلائی اوور پہلے ہی 23 فیٹ اونچا ہے۔ یہاں سے میٹرو لائن گذارنے کیلئے ضروری ہے کہ اس کی اونچائی دوُگنی یعنی سڑک سے 51 فیٹ کی جائے تاکہ مستقبل میں بڑھتی ٹریفک کا مسئلہ حل ہوسکے۔ موجودہ فلائی اوور کے دو کناروں کا فاصلہ 190 فیٹ طویل ہے۔ اس کے لئے دونوں جانب 115 فیٹ کی گنجائش پیدا کرنی پڑے گی، لہذا 420 فیٹ طویل دوگنی راہ کا منصوبہ بنانا ہوگا۔ تعمیراتی کام کی انجام دہی کے دوران ٹریفک میں خلل پیدا نہ ہو، اس کے لئے بنجارہ ہلز، بیگم پیٹ جانے والی ٹریفک اور امیرپیٹ، خیریت آباد جانے والی ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھا جائے گا۔ اس کے لئے میٹرو ریل کے کاموں میں سڑک کی سطح پر کشادہ جگہ چھوڑی جارہی ہے تاکہ ٹریفک آسانی سے گذر سکے۔ ہیوی وہیکل کے گذرنے کو بھی آسان بنایا جارہا ہے، تاہم اس کے لئے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔ موجودہ فلائی اوور کو صاف ستھرا رکھنے کے علاوہ میٹرو ریلوے جنکشن کو خوبصورت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT