Wednesday , August 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / میچ کے دوران جھگڑا ،وہاب اور شہزاد کو جرمانہ

میچ کے دوران جھگڑا ،وہاب اور شہزاد کو جرمانہ

دبئی ۔15 فروری (سیاست ڈاٹ کام )متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سوپر لیگ کرکٹ مقابلوں کے ایک میچ میں آپس میں میں الجھنے پر پاکستانی کھلاڑیوں وہاب ریاض اور احمد شہزاد پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان شارجہ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران تلخ کلامی ہوئی تھی۔ جبکہ یہ میچ پشاور زلمی نے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ اس واقعہ پر میچ کے ریفری سری لنکا کے روشن مہاناما نے دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں وہاب ریاض کو ان کی میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ احمد شہزاد کو میچ فیس کا 30 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پاکستان کی  ٹیم کے دونوں ارکان کے مابین لڑائی کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب احمد شہزاد وہاب ریاض کو چھکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ٹی وی پر دکھائی گئی فوٹیج میں احمد شہزاد کوبیٹ  سے وہاب کی جانب اشارہ کرتے اور وہاب کو بدکلامی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس بدکلامی کے بعد وہاب نے احمد شہزاد کو دھکا بھی دیا تاہم صورتحال بگڑنے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور امپائر نے بیچ بچاؤ کروا دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT