Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / میڈیکل کالجس میں 450 نشستوں کی تخفیف

میڈیکل کالجس میں 450 نشستوں کی تخفیف

18 جولائی تک آن لائن درخواستوں کی وصولی ، داخلہ میں مسابقت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : میڈیکل کالج میں 450 نشستوں کی تخفیف کے سبب داخلے کے حصول تک پہونچنے والے رینکس میں کمی ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ 9 تا 18 جولائی تک آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ اس مرتبہ میڈیکل کالجس میں داخلوں کے لیے طلبہ میں بڑے پیمانے کی مسابقت کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال دو تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں ۔ میڈیکل کونسل آف انڈیا سے منظورہ ریاست میں سرکاری ، خانگی اور اقلیتی کالجس کی جملہ 3250 نشستیں ہیں ۔ تاہم ان میں ای ایس آئی کالج کی 100 کے منجملہ ریاست کو صرف 50 نشستیں مختص ہیں جس سے 3200 نشستوں پر داخلے دئیے جائیں گے ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال 450 نشستیں کم ہوگئی ہیں ۔ اس سال تین خانگی میڈیکل کالجس میں ایک میڈیکل کالج کے 150 نشستوں کو میڈیکل کونسل آف انڈیا نے منظوری نہیں دی ۔ گذشتہ سال کنوینر کوٹہ نشستوں کو ایمسیٹ کے تحت بھرتی کیا گیا تھا ۔ جاریہ سال کا ٹسٹ تلنگانہ کے طلبہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے طلبہ نے بھی تحریر کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے رینکس دونوں کو ملا کر دئیے گئے ہیں ۔ ساتھ ہی رینکس کا سسٹم بھی تبدیل ہوگیا ہے ۔ قومی سطح کا نیٹ کے انعقاد سے جس ریاست کے طلبہ کو ان ریاستوں کے حدود کا احاطہ کرتے ہوئے رینکس کا اعلان کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ حدود کے طلبہ کو یہاں کے رینکس ہی دئیے جائیں گے ۔ تلنگانہ کے طلبہ کو عمدہ مظاہرہ کرنے پر ہی داخلہ ملنے کا امکان ہے ۔ گذشتہ سال او سی جنرل کوٹہ میں 1417 رینک حاصل کرنے پر داخلے کا مستحق قرار دیا گیا تھا ۔ جاریہ سال یہ رینک حاصل کرنے والوں کو داخلوں کی گیارنٹی نہیں ہے ۔ گذشتہ سال کے رینکس میں پہلے 1000 تا 2000 رینکس حاصل کرنے والے طلبہ میں آندھرا پردیش کے بھی کئی طلبہ موجود تھے ۔ 15 فیصد نشستوں پر تک دعویدار مختص کرنے وہ سب آندھرا پردیش میں ہی قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ اس مرتبہ صورتحال تبدیل ہے ۔ پہلے ایک ہزار تا دو ہزار رینکس رکھنے والے طلبہ تلنگانہ کے ہی ہوں گے ۔ جن میں نشستیں چھوڑنے والے طلبہ کی تعداد کم ہی ہوگی جس سے رینک جمپ ہونے کی امید نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے عمدہ رینکس حاصل کرنے والے طلبہ کو ہی داخلے ملیں گے ۔ جاریہ سال خانگی اور سرکاری کالجس کی تقریبا 2 ہزار نشستیں کنوینر کوٹہ میں بھرتی کی جائیں گی ۔ جن میں 50 فیصد نشستیں تحفظات کے زمرے میں ہوں گی ۔ ماباقی 50 فیصد نشستیں جنرل زمرے میں بھرتی کی جائیں گی ۔ گذشتہ سال اس کوٹہ میں 1417 کے اندرون رینکس حاصل کرنے والے طلبہ کو داخلے ملے تھے ۔ جاریہ سال 1200 یا 1250 تک رینکس حاصل کرنے والے طلبہ کو داخلہ مل سکتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جاریہ سال محفوظ زمرے میں بھی رینکس تبدیل ہوسکتے ہیں ۔ میڈیکل کالج میں داخلوں کے لیے نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے ۔ 9 تا 18 جولائی تک آن لائن میں درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے بعد اسنادات کی جانچ ہوں گی پھر میرٹ لسٹ جاری کرتے ہوئے ویب آپشن کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT