Wednesday , September 27 2017
Home / ہندوستان / میڈیکل کالجوں میں زائد سیٹ الاٹمنٹ کی جانچ کریں

میڈیکل کالجوں میں زائد سیٹ الاٹمنٹ کی جانچ کریں

سنٹرل انفارمیشن کمیشن کی مرکزی حکومت کو ہدایت
نئی دہلی ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے مرکز کو ہدایت دی ہے کہ ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں منظورہ گنجائش کے مقابل سینکڑوں نشستوں کے اضافی الاٹمنٹ کی ’کڑی جانچ‘ کرائی جائے۔ انفارمیشن کمشنر یشوردھن آزاد نے اس معاملے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا سیٹ الاٹمنٹ ان نشستوں پر داخلہ پانے والے ’’امیدواروں کیلئے غیریقینی مستقبل‘‘ کا موجب بن رہا ہے۔ انفارمیشن کمشنر کا یہ تبصرہ ایک آر ٹی آئی درخواست پر سامنے آیا، جو ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ نے یہ جاننے کیلئے داخل کی کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر میڈیکل کالج بنگلور میں دو نشستوں میں سے اسے ایم ایس آپتھالمولوجی کی جو سیٹ کی پیشکش کی گئی ، آیا وہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کی جانب سے مسلمہ ہے؟ مگر اس طالبہ کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا گیا، جس پر وہ کمیشن سے رجوع ہوئی ۔ یشوردھن آزاد نے کہا کہ یہ بھی واضح ہے کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا نے اسٹوڈنٹس کو داخلہ دینے کے سلسلہ میں جو قواعد و ضوابط کی صراحت کی ہے، ان میں سے زیادہ تر کی فی الواقعی تعمیل نہیں کی جارہی ہے۔
مودی کابینہ میں ردوبدل متوقع
نئی دہلی ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ میں ردوبدل اور بی جے پی کے فیصلہ ساز اداروں کی تنظیم جدید کی چہ میگوئیوں کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی نے آج پارٹی سربراہ اور وزیر فینانس ارون جیٹلی کے ساتھ مشاورتیں کئے۔ اگرچہ اعلیٰ قیادت کے مابین کیا باتیں ہوئیں، اس تعلق سے سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا، لیکن ذرائع نے کہا کہ اس کا تعلق حکومت اور پارٹی میں تبدیلیوں سے ہوسکتا ہے کیونکہ مودی حکومت اپنے دو سال کی تکمیل کے قریب پہنچ رہی ہے۔ تاہم ایک پارٹی عہدہ دار نے یہ بھی کہا کہ اعلیٰ قائدین سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے وقفے وقفے سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT