Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / میں دھونی کی طرح کھیلنا چاہتا ہوں ‘ سرفراز

میں دھونی کی طرح کھیلنا چاہتا ہوں ‘ سرفراز

کولکتہ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے آج کہا کہ وہ ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو پسند کرتے ہیں اور ان کی طرح میچ ونر بننا چاہتے ہیں۔ سرفراز احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر انہیں دھونی سے حوصلہ ملتا ہے ۔ وہ وکٹ کیپنگ اور بلے بازی دونوں کرتے ہیں۔ وہ ایک عظیم کیپر ہیں۔ میں انہیں پسند کرتا ہوں ۔ اننگز کا اختتام دھونی جس طرح سے کرتے ہیں میں بھی پاکستان کیلئے ویسا ہی کرنا چاہتا ہوں۔ سرفراز نے ٹیم میں بلے بازی کی ذمہ داری اب تک بحسن و خوبی نبھائی ہے اور وہ ٹیم کی ضروریات کے مطابق آئندہ بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کیلئے جو کچھ ہوسکتا ہے وہ کرنا چاہتے ہیں ۔ ٹیم مینجمنٹ ان سے جس طرح کی خدمات چاہے وہ فراہم کرنے تیار ہیں۔ بنگلہ دیش میں حال ہی میں ختم ہوئے ایشیا کپ میں پاکستان کا مظاہرہ انتہائی ناقص رہا ہے ۔ انہیں پہلے ہندوستان نے شکست دی اور پھر بنگلہ دیش کے خلاف بھی انہیں ہزیمت اٹھانی پڑی تھی ۔ ورلڈ ٹوئنٹی 20 گروپ میچ میں ہندوستان کا پاکستان کے خلاف 19 مارچ کو ایڈن گارڈن میں مقابلہ ہونے والا ہے اور سرفراز کا ماننا ہے کہ بہتر کارکردگی کیلئے دونوں ہی ٹیموں پر دباؤ رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہے ۔ دونوں ہی ٹیموں پر زبردست دباؤ رہے گا ۔ میدان پر حالات اچھے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے ابھی تک ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ میں میچ نہیں جیتا ہے اور ہم کوشش کرینگے کہ یہاں کامیابی حاصل کریں۔ ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرینگے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ جہاں تک ان کا تعلق ہے وہ ہندوستان کے خلاف میچیس کھیل چکے ہیں اور اپنے تجربہ کی بنیاد پر آئندہ مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میدان پر کثیر تعداد میں شایقین کی آمد سے بھی ٹیم میں جذبہ پیدا ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT