Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / میں عنقریب کھانے کیلئے آپ کے گھر آرہا ہوں

میں عنقریب کھانے کیلئے آپ کے گھر آرہا ہوں

جانا ریڈی کو مخاطب ہو کر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا ریمارک
حیدرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج قائد اپوزیشن جانا ریڈی کو یہ کہتے ہوئے پھانس دیا کہ وہ عنقریب کھانے کیلئے ان کی قیامگاہ آرہے ہیں۔ جانا ریڈی جو حکومت کے بارے میں نرم رویہ کے باعث پہلے ہی کانگریس پارٹی کے حلقوں میں تنقید کے نشانہ پر ہیں ایسے میں چیف منسٹرکا ان کی قیامگاہ آنے کا اعلان ان کیلئے مسائل میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔ امکنہ اسکیم پر مباحث کے دوران جب قائد اپوزیشن جانا ریڈی ضمنی سوال کیلئے اٹھے تو انہوں نے چیف منسٹر کے تفصیلی جواب پر اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ شاید چیف منسٹر لنچ کی تکمیل کے بعد ایوان میں آئے ہیں۔ جانا ریڈی کا اشارہ دراصل 3 بجے تک بھی ایوان کی کارروائی جاری رہنے کی طرف تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اثبات میں جواب دیا جس پر جانا ریڈی نے کہا کہ ہمیں مدعو نہیں کیا گیا۔ جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں نیلم سنجیوا ریڈی اور دیگر شخصیتوں کے دور چیف منسٹری میں یہ روایت تھی کہ چیف منسٹر اچانک قائد اپوزیشن کی قیامگاہ پہنچ جاتے اور کھانے پر مختلف مسائل پر گفتگو ہوتی۔ کے سی آر نے کہا کہ اس طرح کی اچھی روایت کے احیاء کیلئے انہوں نے کئی بار سوچا لیکن سیاسی تبصروں سے بچنے کیلئے وہ جانا ریڈی کی قیامگاہ نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد قائد اپوزیشن کی قیامگاہ پہنچیں گے چاہے وہ دال ہی کیوں نہ کھلائیں۔ اس پر جانا ریڈی نے خاموشی اختیار کرلی۔

TOPPOPULARRECENT