Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / میں مداحوں کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہوں : جوکویچ

میں مداحوں کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہوں : جوکویچ

نیویارک ، 15 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان سربیا کے نواک جوکویچ کا کہنا ہے کہ یو ایس اوپن میں روجر فیڈرر کے خلاف فائنل میں شائقین کی جانب سے مخالفت کے باوجود وہ اپنے مداحوں کی حمایت دوبارہ حاصل کر لیں گے۔ اتوار کو سال کے آخری گرانڈ سلام ٹورنمنٹ یو ایس اوپن کے فائنل میں جوکویچ نے سخت مقابلے کے بعد سوئٹزرلینڈ کے فیڈرر کو 4-6، 7-5، 4-6 ، 4-6 سے شکست دے کر رواں سال اپنا تیسرا گرانڈ سلام جیتا۔ یہ جوکووچ کا مجموعی طور پر دسواں گرانڈ سلام ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل انھوں نے رواں سال آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن فرنچ اوپن کے فائنل میں انھیں شکست ہوئی تھی۔ یو ایس اوپن کے فائنل کے دوران فیڈرر کے مداحوں نے جوکووچ سے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑایا تھا۔ اس حوالے سے جوکویچ نے کہا: ’’میں یہاں مداحوں کی حمایت حاصل کرنے آیا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں مجھے یہ حمایت حاصل ہو جائے گی۔‘‘ انھوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ یو ایس اوپن کے فائنل میں شائقین کی مخالفت سے ان کے کھیل میں خلل پڑا۔ جوکویچ نے کہا، ’’ظاہر سی بات ہے کہ تین گھنٹوں اور 20 منٹ کے میچ میں اونچ نیچ آتے ہیں اور اس سے آپ کے کھیل میں خلل بھی پڑتا ہے۔ تاہم اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے کھیل پر توجہ دیں اور اس بات کو یاد کریں کہ آپ یہاں کس لئے آئے ہیں؟‘‘ فیڈرر کے خلاف میچ جیتنے کے بعد جوکویچ نے کہا: ’’ میں یہاں بیٹھ کر شائقین پر تنقید نہیں کر سکتا۔‘‘ جوکویچ نے اپنی جیت کے بعد کہا: ’’روجرجو کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ وہ اب بھی بہتری کی جانب مائل ہیں اور میرے دل میں ان کیلئے عزت ہے۔ جب آپ کو علم ہو کہ آپ کا مقابلہ بہترین کھلاڑی سے ہے تو آپ کو جیتنے کیلئے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے اور یہ شام میرے لئے ناقابل یقین رہی۔‘‘ فیڈرر نے میچ کے بعد کہا: ’’یہ اچھی مسابقت ہے لیکن شاید آج کی رات نہیں! ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ مشکل رہا ہے اور میرے خیال سے ہم دونوں یہاں سے اپنے بارے میں اور ایک دوسرے کے بارے میں بہتر علم کے ساتھ لوٹیں گے۔‘‘ 17 بار گرانڈ سلام جیتنے والے فیڈرر نے میچ سے قبل کہا تھا: ’’رواں سال نواک زبردست فارم میں ہیں اور ہم جب بھی کھیلتے ہیں تو میچ میں بہت کچھ ہوتا ہے۔‘‘

TOPPOPULARRECENT