Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / میں نے سپاہیوں کے تابوت لاتے ہوئے دیکھا ہے!

میں نے سپاہیوں کے تابوت لاتے ہوئے دیکھا ہے!

ہند ۔ پاک پرامن بقائے باہم تعلقات ناگزیر۔ وزیراعظم مودی کے دورۂ لاہور پر امریندر سنگھ کا ردعمل
چندی گڑھ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ لاہور پر ممکن ہے کہ کانگریس کو اعتراض ہے لیکن اس کے ایک سینئر لیڈر امریندر سنگھ نے پارٹی کے نقطہ نظر کے برعکس کہاکہ یہ قدم، دونوں ممالک کے درمیان قیام امن کیلئے اٹھایا گیا اور اس مقصد کے لئے وہ بھی پاکستان کا دورہ بحیثیت چیف منسٹر پنجاب کرچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں نے وزیراعظم کے اچانک دورۂ پاکستان پر تبصرہ کی خواہش کی تو کیپٹن امریندر سنگھ نے کہاکہ میں ہمیشہ امن کے حق میں رہا ہوں اور قیام امن کی کوشش کرتا آیا ہوں۔ سابق چیف منسٹر پنجاب اور صدر پردیش کانگریس نے ان کے دورہ پاکستان کا بھی تذکرہ کیا جب وہ چیف منسٹر تھے۔ انھوں نے بتایا کہ جس وقت ہند ۔ پاک کھیل کود مقابلے ہورہے تھے اُس وقت بحیثیت چیف منسٹر کرکٹ میاچ کیلئے 4,500 پاکستانیوں کیلئے ویزا جاری کئے گئے تھے اور دورۂ پاکستان کے موقع پر میں نے وزیراعلیٰ صوبہ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کی تھی اور ہم نے ڈاکٹروں اور طلباء کے تبادلے کا فیصلہ کیا تھا۔ امریندر نے کہاکہ ہم نے یہ اقدامات امن کے مفاد میں کئے ۔ چونکہ میں ایک سپاہی ہوں اور ہر روز سپاہیوں کے تابوت لاتے ہوئے دیکھا ہوں۔ لہٰذا سرحدوں پر پائیدار امن کیلئے خیرسگالی اور خوش ہمسائیگی کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ اگر تجارت کیلئے سرحدیں کھول دی جائیں تو یہ پنجاب کے مفاد میں ہوگا۔ تاہم امریندرنے یہ کہتے ہوئے پہلوتہی اختیار کرلی کہ وزیراعظم کے اس دورہ پر صرف آل انڈیا کانگریس کمیٹی ہی تبصرہ کرسکتی ہے ، پارٹی قیادت نے پہلے ہی تبصرہ کردیا ہے اور مزید تبصرہ کرسکتی ہے۔ دریں اثناء مودی کے دورۂ لاہور پر ردعمل میںسابق مرکزی وزیر منیش تیواری نے کہاکہ جس طریقہ سے یہ دورہ کیا گیا ، وہ ملک کی سلامتی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم کو عوام پر یہ عیاں کرنا ہوگا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حقیقت میں کیا تبدیلی رونما ہوئی ہے، کیا پاکستان نے داؤد ابراہیم کو حوالے کرنے اور 26/11 کے مقدمات کی عاجلانہ سماعت کا فیصلہ کیا ہے؟

TOPPOPULARRECENT