Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / نئی دہلی میں بین الاقوامی قوالی فیسٹیول

نئی دہلی میں بین الاقوامی قوالی فیسٹیول

نئی دہلی ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نئی دہلی میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی قوالی فیسٹیول منعقد کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، جس میں دنیا بھر سے قوال حضرات شرکت کریںگے ۔ حال ہی میں ہندوستان اور پاکستان کے قوالوں نے انڈیا اسلامک سنٹر میں صوفیانہ کلام پیش کیا تاکہ یہ ثابت کیا جاسکے کہ موسیقی کی کوئی حد یا سرحد نہیں ہوتی ہے ۔ مجوزہ قوالی فیسٹیول آئندہ سال 12 ، 14 فروری کو منعقد ہوگا ۔ دہلی کے مشہور نظامی برادرس میں سے ایک سید غلام صابری نظامی نے بتایا کہ ہمارے لیے موسیقی کی دنیا بالکلیہ الگ ہے اور ہم سب بلا لحاظ مذہب و ملت ہندو ، مسلم ، جین ، عیسائی ، بھائیوں کی طرح ملاقات کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ موسیقی نہ صرف عبادت بلکہ روحانیت ہے اور مجوزہ قوالی فیسٹیول قدیم اور جدید قوالیوں کا حسین امتزاج ہوگا ۔ فرید ایاز ، ابو محمد قوال اور نظامی برادرس اپنے فن کے ذریعہ محبت اور خلوص کا پیام عام کررہے ہیں ۔  قوالی فیسٹیول میں وارثی برادرس حیدرآباد ، حمزہ اکرم اور تیمور اکرم پاکستان ، طاہر حسین فریدی قوال امریکہ ، احمد شام صوفی قوال افغانستان کو مدعو کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ حضرت امیر خسرو نے صوفیانہ کلام اور موسیقی کو نئی جہت عطا ئی کی تھی۔ دہلی کو اولیاء اللہ کا مرکز تصور کیا جاتا ہے جن کی خانقاہوں میں قوالی کو پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT