Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / نئی پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت کی تشکیل میں ناقابل توضیح تاخیر

نئی پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت کی تشکیل میں ناقابل توضیح تاخیر

محبوبہ مفتی میں موجودہ مخلوط کی برقراری کا حوصلہ نہیں تو بی جے پی کیساتھ اتحاد ختم کردیں : عمر عبداللہ
سرینگر ، 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ اس ریاست میں ’’واضح‘‘ پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط طے شدہ معاملہ ہے لیکن تشکیل حکومت میں ناقابل توضیح تاخیر ہورہی ہے۔ عمر نے کل شب اپنے ’فیس بُک‘ صفحہ پر تحریر کیا، ’’یوں تو پی ڈی پی نے اعلان کررکھا ہے کہ پی ڈی پی۔ بی جے پی کا ’ایجنڈۂ اتحاد‘ کسی ’مقدس دستاویز‘ کی طرح ہے اور یہ کہ پی ڈی پی بدستور بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی سے متاثر ہے، لیکن تشکیل حکومت میں ناقابل تشریح تاخیر ہورہی ہے‘‘۔ عمر جو اپوزیشن نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر ہیں، پی ڈی پی کے کل شام یہاں اپنے کور گروپ کی میٹنگ کے بعد جاری کردہ بیان پر ردعمل ظاہر کررہے تھے۔ انھوں نے کہا، ’’پی ڈی پی کی جانب سے آج (اتوار) کی میٹنگ کے اختتام پر میڈیا کیلئے جاری کردہ بیان سے یہ تو عیاں ہوچکا کہ پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحاد برقرار ہے، یہ کہ پی ڈی پی کی جانب سے کوئی شرائط نہیں رکھی گئی ہیں، یہ کہ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں اور نئی پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت کی تشکیل یقینی ہے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ تشکیل حکومت میں تاخیر پر عام خیال یہ ہے کہ ایسا اس لئے کیا جارہا ہے کہ پی ڈی پی کیلئے کچھ ناگزیر مقبولیت جٹائی جاسکے اور اخلاقیات کی ظاہری شبیہہ پیدا کی جائے۔ بہرحال جموں و کشمیر کے عوام بدستور منتخبہ حکومت سے محروم ہیں حالانکہ دو سیاسی جماعتیں مجموعی اکثریت کے ساتھ ہنوز اتحاد میں برقرار رہیں، جو کچھ عجیب اور عدیم النظیر ہے۔ یہ انداز اور سیاسی ڈرامہ ریاست میں غیریقینی ماحول، عدم استحکام اور نراج کا موجب بن رہا ہے۔ عمر نے کہا کہ صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی اور اُن کی پارٹی کے پاس دو راستے ہیں: یا تو جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں یا پھر بی جے پی کے ساتھ اتحاد توڑ دیں۔ ’’اگر محبوبہ مفتی اس موقع کے مطابق کام نہیں کرسکتیں تو انھیں چاہئے کہ بی جے پی کیساتھ پی ڈی پی کا اتحاد پارٹی کے مبینہ تحفظات کی اساس پر ختم کریں اور گزشتہ 10 ماہ پر تاسف کریں، پھر ہم نئے الیکشن کیلئے عوام سے دوبارہ رجوع ہوسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT