Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / نائب کپتانی ایک بہت بڑا اعزاز: روہت شرما

نائب کپتانی ایک بہت بڑا اعزاز: روہت شرما

پالی کیلے۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ونڈے کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے قیادت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف 20 اگست کو شروع ہونے والی ونڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کرنے کے علاوہ ممبئی سے تعلق رکھنے والے روہت شرما کو پہلی مرتبہ ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے جسے اوپنر نے اپنے لیے ایک بہت بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیم کے نو منتخب نائب کپتان روہت شرما نے کہا کہ 10 سال پہلے وہ صرف ہندوستان کی نمائندگی کے بارے میں سوچتے تھے لیکن اب نائب کپتانی ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ روہت شرما جنہوں نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کو تین خطابات دلواچکے ہیں اور جب ان سے آئی پی ایل اور ہندوستانی ٹیم کے لیے ذمہ داری کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل اور بین الاقوامی کرکٹ میں بہت بڑا فرق ہے لیکن دونوں ہی طرز کی کرکٹ میں میرے احساسات اور مقاصد ایک جیسے ہی ہیں۔ دونوں میں کچھ زیادہ فرق نہیں آئی پی ایل میں میں کپتان ہوں اور یہاں میں نائب کپتان ہوں۔ اپنی 10 سالہ کرکٹ کے متعلق روہت شرما نے کہا کہ اس دوران بہت کچھ تبدیل ہوچکا ہے لیکن میں اسکول سے لے کر بین الاقوامی سطح تک اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوتا رہا ہوں۔ سری لنکا کے خلاف منعقدہ ٹسٹ سیریز کے تینوں مقابلوں میں روہت کو موقع نہیں ملا۔ اس ضمن میں جارحانہ اوپنر نے کہا کہ کوچ اور کپتان کی حکمت عملی کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں لیکن ٹیم سے باہر رہنا آسان نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ روہت شرما نے 2014-15ء میں سری لنکا کے خلاف عالمی ریکارڈ 264 رنز اسکور کئے۔

TOPPOPULARRECENT