Monday , August 21 2017
Home / دنیا / نائجیریائی مسجد میں خودکش خواتین کی کارروائی ، 24 جاں بحق

نائجیریائی مسجد میں خودکش خواتین کی کارروائی ، 24 جاں بحق

مائیدوگوری (نائجیریا) ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دو خاتون خودکش بمباروں نے آج شمال مشرقی نائجیریائی شہر مائیدوگوری کے مضافات میں ایک مسجد پر نماز فجر کے دوران کئے گئے حملے میں کم از کم 24 مصلیوں کی جان لے لی اور 23 دیگر کو زخمی کردیا۔ سویلین سیلف ڈیفنس ویجلنس گروپ کے کوارڈنیٹر ابا عاجی نے کہا کہ ایک بمبار نے اندرون مسجد خود کو دھماکہ سے اُڑا لیا اور دوسری عورت باہر منتظر تھی تاکہ دھماکہ سے بچنے کی کوشش کرنے والوں کو زد میں لیا جاسکے۔ ایمرجنسی عہدہ دار محمد شولو کے مطابق مہلوکین کی تعداد میں تب اضافہ ہوا جب بچاؤ کارکنوں نے ملبہ کی صفائی کی تو مزید پانچ زخمیوں کا پتہ چلا اور مزید چار نعشیں برآمد کی گئیں۔ جائے واقعہ پر ایک شخص عمر عثمان نے نیوز ایجنسی ’دی اسوسی ایٹیڈ پریس‘ کو بتایا کہ وہ نماز کیلئے تاخیر سے پہنچا اور جیسے ہی وہاں کا منظر دیکھا ، تیزی سے واپس ہوگیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اور چند دیگر مصلی مسجد سے محض چند گز کے فاصلے پر تھے کہ بڑا زور کا دھماکہ سنائی دیا اور وہ سب صرف اتنا دیکھ پائے کہ ماحول میں گہرا دھواں چھا گیا تھا اور ہر طرف نعشیں بکھری پڑی تھیں۔ ایک اسپتالی عہدہ دار نے کہا کہ تجہیز و تکفین کیلئے 13 نعشیں لے جائی جاچکی ہیں۔ عمراری مسجد مائیدوگوری کے مضافات میں واقع ہے، یہ شہر بوکرحرام کے شورش پسندوں کے خلاف جنگ کا ملٹری کمانڈ سنٹر ہے۔ عہدیداروں نے ایسی اطلاعات کو غلط قرار دیا کہ عمراری بوکوحرام کا طاقتور گڑھ ہے۔

TOPPOPULARRECENT