Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / نائجیریا میں نمازیوں پر حملہ ، درجنوں جاں بحق

نائجیریا میں نمازیوں پر حملہ ، درجنوں جاں بحق

مائیدوگوری۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا میں نمازیوں سے بھری ایک مسجد میں پیش آئے دو بم دھماکوں کے نتیجہ میں کم از کم تیس افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اس حملے کیلئے انتہا پسند تنظیم بوکو حرام پر شبہ کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ نائجیریا کے شمال مشرقی شہرمائیدو گوری کے نواح میں واقع ایک مسجد پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا، جب نمازی عبادت میں مصروف تھے۔ جمعرات کی رات پیش آئے اس حملے کے نتیجہ میں کم از کم بیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ نائجیریا کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (این ای ایم اے) کی طرف سے جمعہ کو بتایا گیا ہے کہ بورنو ریاست میں ایک خود کش حملہ بھی کیا گیا، جس کے نتیجہ میں چھ افراد مارے گئے۔ یہ اس خودکش حملے کا مسجد کے حملوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے (این ای ایم اے) کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حملے خواتین خود کش حملہ آور نے کیے۔ اس کارروائی میں 17 افراد زخمی بھی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ان حملوں کے بعد امدادی کاموں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور حقائق جاننے کیلئے تفتیشی عمل کیا جا رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انتہا پسند بوکو حرام کی باغی تحریک نے بورنو ریاست میں ہی جنم لیا تھا۔ اس ریاست کے متعدد علاقوں میں یہ شدت پسند تواتر کے ساتھ حملے کرتے رہتے ہیں۔ مئی میں صدر محمد بخاری کے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد بھی اس جنگجو تحریک کے حملوں میں کمی نہیں آئی ہے۔ مئی سے اب تک ایسے ہی حملوں میں کم ازکم ایک ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جمعرات کو مسجد پر کیا گیا حملہ دراصل خود کش تھا لیکن اس بارے میں ابھی تک مکمل تفصیلات موصول نہیں ہو سکی ہیں۔ پولیس حکام نے اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چودہ بتائی ہے۔ این ای ایم اے نے بتایا ہے کہ جمعرات کو مسجد پر کی گئی خونریز کارروائی کے بعد جمعہ کو اس علاقے کے نزدیک ہی ایک خود کش حملہ بھی کیا گیا، جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس ابھی تک ان دونوں حملوں کے مابین کوئی تعلق تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کسی گروہ نے ابھی تک ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ ان کارروائیوں میں بوکو حرام کے جنگجو ملوث ہو سکتے ہیں۔ بعض ذرائع نے ان حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 42 بھی بتائی ہے۔

TOPPOPULARRECENT