Thursday , September 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نارائن پیٹ میں خسرہ اور روبیلا ٹیکہ اندازی پروگرام جاری

نارائن پیٹ میں خسرہ اور روبیلا ٹیکہ اندازی پروگرام جاری

نارائن پیٹ۔ 24 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ڈیویژن میں تمام مدارس میں خسرہ اور روبیلا کی ٹیکہ اندازی پروگرام بڑے پیمانے پر جاری ہے، جہاں والدین کو مطلع کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ، طلباء و طالبات کو ٹیکہ لگائے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین اس کام میں جٹے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر شیلجہ، انچارج پی پی یونٹ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل اس مہم کی نگران کار ہیں، نے بتایا کہ 17 اگست سے ریاست گیر سطح پر خسرہ اور روبیلا ٹیکہ اندازی پروگرام کا نارائن پیٹ ڈیویژن کے تمام مدارس میں شروع ہوچکا ہے۔ پہلے مرحلے میں تمام اسکولوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں آشا ورکرس اور آنگن واڑی ٹیچروں کے ذریعہ وارڈ سطح پر کیمپ لگائے جائیں گے اور 5 سے کم عمر کے بچوں کو جو کم از کم 9 ماہ کے ہوں گے، ویاکسن (ٹیکہ) لگائے جائیں گے۔ جبکہ 5 تا 15 سال کے بچوں کو اسکولوں میں ٹیکہ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ اس ٹیکہ سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیکہ، محفوظ اور غیرمضرت رساں ہے۔ خسرہ اور روبیلا ٹیکہ اندازی مہم 25 ستمبر تک چلی گئی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ غیرضروری اندیشوں کے تحت ٹیکہ نہیں لگانے والوں کو آئندہ ان مہلک بیماریوں کا شکار ہونا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹیکہ سے طلبہ کا مستقبل تابناک ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس بیماری کے سبب بچوں کے گردے، پھیپھڑے، دل اور دیگر اعضاء کمزور ہوجاتے ہیں اور مرض کے سبب بچے معذور بھی ہوسکتے ہیں۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مستقبل میں اس مہلک مرض سے بچانے کیلئے خسرہ اور روبیلا ٹیکہ ضرور دلوائیں۔

TOPPOPULARRECENT