Thursday , August 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نارائن پیٹ میں ڈکیتی کی دلیرانہ واردات

نارائن پیٹ میں ڈکیتی کی دلیرانہ واردات

چاقو کی نوک پر 30تولے طلائی زیورات لوٹ لئے گئے

نارائن پیٹ۔/26اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ مستقر پر کل رات دیر گئے ایک دلیرانہ ڈکیتی کی واردات میں نامعلوم ڈاکوؤں نے چاقو کی نوک پر مکینوں کو ڈرا دھمکاکر 30تولے طلائی زیورات اور چار سیل فون لوٹ کر راہ فرار اختیار کرلی۔ تفصیلات کے بموجب نارائن پیٹ سب کورٹ کے روبرو نارائن پیٹ ۔ حیدرآباد شاہراہ پر واقع بینک ملازم مسٹر  وجئے چاری جن کا مکان آبادی سے تقریباً تین کلو میٹر پر واقع ہے کل رات تقریباً تین بجے چار نامعلوم سارقوں نے مکان کے چوکیدار کو باندھ کر ڈرا دھمکاکر مکینوں کو دروازہ کھلوانے پر مجبور کیا۔ دروازہ کھولنے کے بعد چوکیدار کے منہ پر پٹی لگاکر چار کے منجملہ تین ڈاکوؤں نے گھر کے اندر داخل ہوئے،گھر میں وجئے چاری کی اہلیہ، بیٹا اور بہو موجود تھے ، وجئے چاری اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، بیٹا انرودھ چاری وٹرنری ڈاکٹر ہے، ان ڈاکوؤں نے چاقو کی نوک پر مکینوں کو ڈرا دھمکاکر جسم پر موجود زیورات اور پوجا روم میں موجود مندر کے زیورات کے علاوہ چار قیمتی سیل فون بھی چھین لئے۔ بعد ازاں انہیں ایک کمرے میں بند کرکے راہ فرار اختیار کی۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر سرکل انسپکٹر مسٹر رویندر پرساد نے اپنے عملے کے ساتھ جائے ورادات کا معائنہ کیا۔ ڈاگ اسکواڈ اور فنگر پرنٹ ماہرین کے ذریعہ پولیس چھان بین کررہی ہے۔ مکینوں کے بموجب ڈاکو تلگو میں بات کررہے تھے۔ آئے دن چوری کی واردات میں اضافہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ عوام پولیس سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کی جان و مال کی حفاطت کو ترجیح دے گی۔

TOPPOPULARRECENT