Tuesday , September 19 2017
Home / Top Stories / نارائن کھیڑ بھی فتح، ٹی آر ایس نے کانگریس سے حلقہ چھین لیا

نارائن کھیڑ بھی فتح، ٹی آر ایس نے کانگریس سے حلقہ چھین لیا

بھوپال ریڈی نے کانگریس کے سنجیوا ریڈی کو 53 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی
حیدرآباد 16 فروری (پی ٹی آئی ؍ این ایس ایس) تلنگانہ میں حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے 2014 ء کے اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار آنے کے بعد منعقدہ مختلف انتخابات میں لگاتار کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کو آج کانگریس کے قبضہ سے چھین لیا۔ ضلع میدک کے اس اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار ایم بھوپال ریڈی نے 93,076 ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنے قریبی حریف اور کانگریس کے امیدوار پی سنجیوا ریڈی کو 53,625 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے شکست دے دی۔ فاتح امیدوار بھوپال ریڈی کے چھوٹے بھائی اور تلگودیشم امیدوار ایم وجئے پال ریڈی کی ضمانت ضبط ہوگئی جنھیں صرف 14,787 ووٹ حاصل ہوسکے۔ حالیہ عرصہ میں حکمراں ٹی آر ایس کی حلقہ لوک سبھا ورنگل کے ضمنی انتخابات میں فقیدالمثال کامیابی اور اس کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پہلی مرتبہ مقابلہ کرتے ہوئے 99 حلقوں پر قبضہ کرتے ہوئے سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا جس کے چند دن بعد نارائن کھیڑ میں آج اس کامیابی سے ٹی آر ایس کی کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک ہوئی ہے۔ حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کانگریس کا ایک طاقتور گڑھ سمجھا جاتا ہے جہاں سے کانگریس کے منتخب رکن اسمبلی کشٹا ریڈی کے انتقال کے سبب مخلوعہ نشست کو پُر کرنے کے لئے منعقدہ ضمنی انتخابات میں کانگریس نے آنجہانی رکن کے فرزند سنجیوا ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا تھا لیکن وہ اپنے والد کی نشست پر قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے۔ نارائن کھیڑ میں ٹی آر ایس مہم کے انچارج اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے بھانجے ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ یہ کامیابی دراصل کے سی آر کے لئے سالگرہ کا تحفہ ہے۔ کے سی آر، ریاستی وزراء ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ کے علاوہ تلنگانہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، میدک کے ایم پی پربھاکر ریڈی اور بھوپال ریڈی نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کے سی آر کے فرزند اور وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں اپنی پارٹی کی کامیابی کے لئے انتھک مہم چلائی تھی جبکہ کے سی آر کے بھانجے وزیر آبپاشی نے شب و روز مہم چلاتے ہوئے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخابات میں اپنی پارٹی ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT