Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / نارا لوکیش کی آندھرا کابینہ میں شمولیت کی تیاریوں کا آغاز

نارا لوکیش کی آندھرا کابینہ میں شمولیت کی تیاریوں کا آغاز

قانون ساز کونسل کیلئے منتخب کروانے کا فیصلہ ۔ چندرا بابو کے فرزند آج پرچہ نامزدگی داخل کرینگے
حیدرآباد 5 مارچ ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کی سیاست میں ایک اور فرزند کو ابھارنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہاں چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش کو ریاستی کابینہ میں شامل کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس سے قبل نارا لوکیش کو قانون ساز کونسل کی رکنیت کیلئے منتخب کروایا جائیگا ۔ نارا لوکیش ریاست میں ارکان اسمبلی کوٹہ سے کونسل کیلئے منتخب ہونگے ۔ وہ پیر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرینگے ۔ لوکیش پیر کو صبح 10.39 منٹ پر اسمبلی سکریٹری کو اپنے کاغذات نامزدگی پیش کرینگے ۔ دوسرے تلگودیشم امیدوار بھی اسی دن اپنے پرچہ جات داخل کرینگے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ کونسل کی رکنیت کیلئے منتخب ہونے کے بعد لوکیش کو آندھرا پردیش کابینہ میں شامل کیا جائیگا۔ گذشتہ کچھ وقت سے لوکیش کو آندھرا کابینہ میں شامل کرنے کی اطلاعات گشت کر رہی تھیں ۔ تلگودیشم کے کچھ گوشے لوکیش کو کابینہ میں شامل کرنے کی خواہش بھی ظاہر کر رہے تھے اور اب ایسا لگتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے بھی لوکیش کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ اس سے قبل انہیں کونسل کی رکنیت کیلئے منتخب کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت انہیں پارٹی امیدوار بنایا گیا ہے۔ نارا لوکیش پہلے سے تلگودیشم پارٹی کے جنرل سکریٹری ہیں اور وہ پارٹی کے تنظیمی امور میں کافی سرگرم ہیں۔ اب انہیں باضابطہ انتخابی سیاست اور ریاستی انتظامیہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ کونسل کی رکنیت کیلئے منتخب ہونے کے بعد آندھرا کابینہ میں انہیں شامل کرنے توسیع اور رد و بدل کیا جائیگا ۔

TOPPOPULARRECENT