Friday , August 18 2017
Home / جرائم و حادثات / نارسنگی میں ایک مسلم لڑکی کابیدردانہ قتل

نارسنگی میں ایک مسلم لڑکی کابیدردانہ قتل

پولیس کو درندہ صفت قاتل کی تلاش ‘ ویڈیو فوٹیج سے مشتبہ نوجوان کی تصاویر برآمد
حیدرآباد ۔ /18 ستمبر (سیاست نیوز) نوجوان مسلم لڑکی کے قتل کی واردات نے سائبر آباد ویسٹ کے نارسنگی علاقہ میں سنسنی پیدا کردی ۔ 20 تا 22 سال عمر کی نامعلوم مسلم لڑکی کو ایک درندہ صفت نوجوان نے انتہائی بے دردی سے اس کا گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب معین آباد تا تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی سے چار کیلو میٹر دور ویف کالج روڈ کے قریب لڑکی کی نعش موجود ہونے کی اطلاع پر نارسنگی پولیس کی ایک ٹیم مقام واردات پر پہونچ گئی ۔ لڑکی جس کے ہاتھ باندھے ہوئے تھے اور وہ نیلے جینس پینٹ اور سفید ٹی شرٹ ، سیاہ جاکیٹ میں ملبوس تھی ، وہ برقعہ بھی پہنی ہوئی تھی ۔ خاطی نوجوان نے لڑکی کا گلاکاٹ کر قتل کرنے کے بعد اس کی شناخت مٹانے کے ارادے سے اس کے سر پر وزنی پتھر ڈال دیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کے ہمراہ پہونچنے والی نارسنگی پولیس کو مقام واردات سے چاکلیٹ کا کور ، مزہ کی بوتل ، سفید تول  ، سیاہ اسکارف ، سیاہ جاکیٹ ، نیلا جینس ، ہوائی چپل وغیرہ برآمد ہوئی ۔ مسلم لڑکی کے قتل کا پتہ چلنے پر نارسنگی پولیس نے مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جس میں مقتولہ لڑکی کو ایک نوجوان کے ہمراہ پلسر موٹر سائیکل پر گنڈی پیٹ کی سمت جاتا ہوا دیکھا گیا  تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ پولیس کو یہ پتہ لگا ہے کہ خاطی نوجوان نے لڑکی کو مقام واردات پر لے جانے سے قبل ٹھیلہ بنڈی والے سے ویف کالج سے متعلق تفصیلات حاصل کی تھی۔ مسلم لڑکی کی شناخت کیلئے کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سندیپ شنڈلیہ نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے گنڈی پیٹ کے اطراف و اکناف کالجس کو پولیس ٹیم روانہ کی ہے اور علاقے کے دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جارہا ہے تاکہ قاتل کی موٹر سائیکل کے نمبر کا پتہ لگایا جاسکے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ لڑکی کو تفریح کے بہانے نوجوان نے گنڈی پیٹ کی سمت لے جاکر قتل کیا ہے ۔ پولیس مقام واردات سے حاصل کئے گئے تمام شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں ۔ نارسنگی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے اور خاطی نوجوان کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT