Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ناقص بیٹنگ شکست کی وجہ بنی: سرفراز

ناقص بیٹنگ شکست کی وجہ بنی: سرفراز

دبئی۔11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹسٹ اور سیریز میں شکست مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سیریز کیلئے بہت تیاری کی تھی لیکن ناقص بیٹنگ کے سبب شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سری لنکا نے دبئی میں کھیلے گئے ڈے نائٹ ٹسٹ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کیا۔میچ پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہم دونوں میچز جیتنے کے موقف میں تھے تاہم جیت کے قریب پہنچ کر ناکامی پر سخت مایوسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سیریز کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی لیکن ناقص بیٹنگ اور بڑی پارٹنرشپس قائم نہ کرنے کی وجہ سے ہمیں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، ہم نے بڑی اننگز نہیں کھیلیں اور اچھے آغاز سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔کپتان نے اچھی کرکٹ نہ کھیلنے کا اعتراف کرتے ہوئے مستقبل میں بہتر کھیل پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر انہوں نے سوئپ شاٹ پر وکٹ گنوانے کے سوال پر کہا کہ میں پہلے بھی کئی مرتبہ یہ شاٹ کھیل چکا ہوں اور اس پر ڈھیروں رنز بٹورے ہیں، مجھے اپنے شاٹ پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے لیکن میں آئندہ اہم مواقع پر اس طرح کے شارٹ کھیلنے سے گریز کروں گا۔یاد رہے کہ اسد شفیق اور سرفراز احمد چھٹی وکٹ کیلئے 173 رنز جوڑ چکے تھے کہ دمتھ کرونارتنے کے اوور کی پانچویں گیند پر انہوں نے سوئپ شاٹ کھیلا اور توقع سے زیادہ باؤنس ہونے والی گیند اس شاٹ پر سیدھی فیلڈر کے ہاتھوں میں گئی۔سرفراز کے آؤٹ ہوتے ہی بازی سری لنکائی ٹیم کے حق میں پلٹ گئی اور جلد ہی پوری ٹیم کی بساط لپٹ گئی۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی کامیابی کا سہرا اسپنرز کو جاتا ہے، بالخصوص رنگنا ہیراتھ نے غیرمعمولی بولنگ کی۔ہم اگلی سیریز میں اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب سری لنکن کپتان چنڈیمل نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے اور ہندوستان کے خلاف ہوم سیریز میں تینوں فارمیٹس میں 9۔0 سے شکست کے بعد پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی بلاشبہ کھلاڑیوں کا بڑا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے ہم پر اعتماد کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT