Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے مشاورت کا آغاز

نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے مشاورت کا آغاز

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی سرگرم مشاورت ، بعض ناموں کو قطعیت
حیدرآباد۔/13اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یوم آزادی کے بعد نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے وزراء اور قائدین سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے 12 کارپوریشنس اور اداروں کی نشاندہی کی ہے جن پر فوری تقررات عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مارکٹ کمیٹیوں اور مجالس مقامی کے تحت اداروں پر تقررات کی تیاریاں شروع کی گئیں۔ چیف منسٹر نے اپنے مشیروں اور بعض سینئر عہدیداروں سے اس مسئلہ پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اہم عہدوں کیلئے بعض ناموں کو قطعیت دے دی تاہم اضلاع سے پارٹی قائدین کے نام حاصل کئے جارہے ہیں۔ وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ضلع میں سرگرم پارٹی قائدین اور کارکنوں کی فہرست پیش کریں تاکہ انہیں نامزد عہدوں کی فہرست میں شامل کیا جاسکے۔ چیف منسٹر اگرچہ یوم آزادی کے بعد تقررات کا عمل شروع کرنے کے حق میں ہیں تاہم ان کے قریبی حلقوں نے مشورہ دیا ہے کہ گرام جیوتی پروگرام کے بعد ہی تقررات کا عمل شروع کیا جانا چاہیئے۔ یہ پروگرام 17تا23اگسٹ تلنگانہ کے تمام 10اضلاع میں جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30تا40ایسے کارپوریشن ہیں جن کی تقسیم کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا جس کے باعث ان پر تقررات میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ کی اہم مندروں سے متعلق کمیٹیوں پر بھی جلد تقررات کے حق میں ہیں۔ انہوں نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ 2001ء سے پارٹی میں سرگرم قائدین کے ساتھ ساتھ ان قائدین کے ناموں پر بھی غور کریں جو دیگر پارٹیوں سے شمولیت کے باوجود پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر آئندہ ماہ اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کرنے کے حق میں ہیں۔ دونوں ایوانوں کا سیشن ستمبر میں طلب کیا جائے گا جو توقع ہے کہ 10 دن پر مشتمل رہے گا۔ اسمبلی اجلاس کے بعد چیف منسٹر چین کے دورہ پر روانہ ہوں گے جہاں وہ کامن ویلتھ فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کو اس اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر توقع ہے کہ 10ستمبر کو حیدرآباد سے روانہ ہوں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ روانگی سے قبل اسمبلی اجلاس مکمل کرلیا جائے۔ اس طرح آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں اسمبلی اجلاس کی طلبی کا امکان ہے۔

TOPPOPULARRECENT