Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ناموس رسالت مآبؐ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت

ناموس رسالت مآبؐ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت

حکومت تلنگانہ سے مرکزی حکومت کو نمائندگی کا تیقن ، سیرت النبیؐ اکیڈیمی کا جلسہ رحمتہ للعالمینؐ و ایوارڈ تقریب ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔25ڈسمبر(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے کہاکہ مسلمان ہر چیز برداشت کرسکتا ہے مگر ناموس رسالت مآب ؐ کی شان اقدس میںکسی بھی قسم کی گستاخی مسلمانوں کے لئے ناقابلِ برداشت ہوگی اور حکومت تلنگانہ شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لئے مرکزی حکومت سے بھی بہت جلد نمائندگی کریگی۔ جناب محمد محمو دعلی کے جشن میلاد النبی کے ضمن میں سیرت النبی اکیڈیمی کے زیر اہتمام جلسہ سیر ت النبی سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔اس جلسہ کی نگرانی صدر سیرت النبی اکیڈیمی  مولانا غلام صمدانی علی قادری کررہے تھے جبکہ صدر ایم ڈی ایف جنا ب عابد صدیقی اور مولانا سید عبدالصمد شرفی نے بھی اس جلسہ سیر ت النبی سے خطاب کیا۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ آقائے دوجہاں کی ولادت ساری دنیا کے لئے روادری ‘امن ‘ اخوت اور بھائی چارے کا پیغام ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسلام طاقت اور تلوار کے زور پر نہیں بلکہ اسوہ نبی سے دنیا بھر میں امن کے پیغام کو عام کرنے والا مذہب ثابت ہوا۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ اسلام دشمن طاقتوں کو موثر جواب دینے کے لئے امت محمدی کے پروانوں کو چاہئے کہ ہم آقائے د وجہاں کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ان کے اسوہ کو اپنی زندگیوں میں شامل کرلیںجو دنیا اور آخرت دونوں میںنجات کا ذریعہ بنے گا اور اسلام کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا منھ توڑ جواب ثابت ہوگا۔ جناب محمد محمو دعلی نے دھشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی تمام کوششوں کے خلاف برہمی کا اظہار کیا ۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ کسی بھی مذہب کے خلاف بولنا اسلامی تعلیمات کے عین خلاف ہے اور ہمیںچاہئے کہ ہم اپنے اخلاق وکردار کے ذریعہ امت محمدی ہونے کا ثبوت دیں۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ اولیاء اللہ کا گہوارہ رہا ہے اور یہی وجہہ ہے کہ علاقے تلنگانہ کا گنگاجمنی تہذیب کے فروغ میںاہم رول رہا ہے اور اس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔ صدر سیر ت النبی اکیڈیمی ومعتمد انجمن قادریہ مولانا غلام صمدانی علی قادری نے اپنے صدراتی خطاب میں گستاخ رسول کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے مذہبی روادری میںرخنہ پیدا کرنے والوں کے لئے سخت قانون سازی ضروری ہے ۔ قبل ازیں سیرت النبی اکیڈیمی کی جانب سے نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی کو تہنیت پیش کی گئی ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف شعبہ حیات میںنمایاں خدمات انجام دینے والی اہم شخصیتوں کو سیرت النبی اکیڈیمی کے ایوارڈسے نواز ا گیا جن میں شعبہ صحافت سے ادارہ سیاست کے سب ایڈیٹر جناب محمد خواجہ مخدوم محی الدین‘  فوٹو جرنلسٹ سیاست سید مظہرعلی کے علاوہ ‘قرآنی خدمات میں بیاد امین القراء  حافظ  حضرت سید شاہ محمد ابراہیم حسینی واثق ایوارڈ مولانا حافظ سید عبدالصمد شرفی مدرس شعبہ حفظ جامعہ نظامیہ ‘ شعبہ تعلیم میں بیاد بانی سیر ت النبی اکیڈیمی حضرت سیدشاہ غلام غوث قادری ایوارڈ جناب فضل الرحمن خرم ڈائرکٹر ڈان اسکول‘ عالم دین ایوارڈ جناب مولانا محمد انور احمد ‘ شعبہ طب میںڈاکٹر محمدشکیل حیدر خان کارڈیالوجسٹ اور سماجی خدمات میںجناب محمد افتخار شریف و حاجی محمد اشرف کو سیر ت النبی ایوارڈ سے نواز ا گیا۔ مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ‘ مولانا سید ذاکر علی دانش ابولعلائی‘مولانا سید عبدالجلیل قادری‘مولانا سید سیف اللہ باقری‘مولانا سید بابا محی الدین نوراللہ قادری‘مولانا سید غوث محی الدین قطب اللہ قادری‘ الحاج سید سلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔مولانا سید شاہ غلام قادر قطب حسینی القادری نے تمام کا شکریہ ادا کیا اورسلام بحضور سرور کونین ؐ پر جلسہ کا اختتام عمل میںآیا۔

TOPPOPULARRECENT