Saturday , October 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ناندیڑ بلدی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی

ناندیڑ بلدی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی

بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑی، مجلس کا صفایا، دیگر تمام جماعتیں بھی بے اثر

ناندیڑ 12 اکٹوبر (ایجنسیز) ناندیڑ سے بی جے پی کی واپسی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے۔ ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن انتخابات 2017 ء میں شام 5 بجے تک ملی اطلاعات کے مطابق 21 زون کی 81 سیٹوں میں سے کانگریس نے 6 سیٹوں پر قبضہ کرلیا ہے اور اس کے 8 امیدوار اپنے حریف بی جے پی امیدواروں پر سبقت حاصل کئے ہوئے تھے۔ معلنہ 72 سیٹوں کے نتائج میں سے کانگریس پارٹی نے 66 ، بی جے پی 4 ، شیوسینا 1 اور ایک آزاد 1 سیٹ پر کامیاب ہوئے۔ جبکہ ایم آئی ایم ، راشٹرا وادی کانگریس پارٹی نے اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولا۔ تحلیل شدہ کارپوریشن میں کانگریس کے 42 ، شیوسینا کے 14 ، بی جے پی 2 ، ایم آئی ایم 11 اور سنودھانی پارٹی کے 2 کارپوریٹرس تھے۔ مسلمانوں نے مجلس اتحاد المسلمین اور ہندوؤں نے ہندو وادی بی جے پی و شیوسینا کو یکسر مسترد کردیا۔ اس طرح ناندیڑ کے نتائج سیکولر طاقتوں کی جیت ہے۔ کانگریس پارٹی نے پردیش صدر اشوک راؤ چوہان کی قیادت میں انتخابی مہم چلائی تھی۔ انھوں نے رات دن محنت کرکے پارٹی کو تاریخ ساز کامیابی دلائی ہے جبکہ ایم آئی ایم کے قومی صدر رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی، تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن قائد اکبرالدین اویسی، ایم ایل اے احمد پاشاہ قادری، دیگر مجلسی اراکین اسمبلی اور کئی مجلسی کارپوریٹرس نے ناندیڑ میں کیمپ کر رکھا تھا۔ مجلسی قائدین نے 4 دنوں تک شہر کی گلی گلی اور کوچہ کوچہ میں پیدل دورہ کیا۔ کئی انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ لیکن اس کا مسلم ووٹرس پر کوئی اثر نہیں ہوا اور نہ ہی شہری ووٹرس نے کوئی ردعمل ظاہر کیا بلکہ ہر سماج اور مذہب کے ووٹرس نے کانگریس پارٹی کو متحدہ ووٹ ڈالا۔ ایم آئی ایم پردیش صدر سید معین کی والدہ خود مجلس کے ٹکٹ پر ہار گئیں۔ کانگریس کے سابق میئر عبدالستار نے اور اُن کے پیانل کے دیگر تینوں امیدواروں نے زبردست کامیابی حاصل کی۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے گڑھ کہلائے جانے والے علاقوں میں بی جے پی اور شیوسینا کو دھول چاٹنی پڑی۔ بلدی نتائج پر اشوک چوہان نے ناندیڑ کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ مہاراشٹرا کی سیاست پر ان نتائج کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

 

TOPPOPULARRECENT