Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / نانک رام گوڑہ ‘منہدمہ بلڈنگ کے ملبہ سے 5 نعشیں نکالی گئیں

نانک رام گوڑہ ‘منہدمہ بلڈنگ کے ملبہ سے 5 نعشیں نکالی گئیں

مزید پانچ افراد کے ملبہ میںدبے رہنے کا شبہ ۔ ایک ماں اور بیٹے کو زندہ نکالا گیا
حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) نانک رام گوڑہ میں کل رات منہدم ہونے والی 7 منزلہ عمارت سے پانچ نعشوں کو نکالا گیا جبکہ مزید پانچ افراد کی نعشیں ملبہ میں موجود ہونے کی اطلاع پر ملبہ کی صفائی کا کام جنگی خطوط پر جاری ہے۔ این ڈی آر ایف اور محکمہ فائر کے عملہ نے آج صبح  5بجے  ملبہ سے ماں بیٹے کو محفوظ طور پر باہر نکال لیا۔ چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والی  25 سالہ ریکھا اور اس کا تین سالہ کمسن دیپک کو این ڈی آر ایف ٹیموں نے باہر نکال کر انہیں فوری کانٹینینٹل ہاسپٹل منتقل کیا۔اس حادثہ میں آندھراپردیش کے وجئے نگرم علاقہ سے تعلق رکھنے والے 9 افراد زد میں آئے ہیں۔ اس حادثہ میں جملہ 10 افراد فوت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 5 کی نعشوں کو آج رات تک باہر نکالا گیا۔ حادثہ کا شکار ہونے والے افراد کی شناخت ضلع وجئے نگرم چلکاپلی سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ سامبیا اس کی بیوی 35 سالہ ٹی پیداماں، بیٹی 14 سالہ پی گیانیشوری، 32 سالہ کے پولی نائیڈو، 28 سالہ کے وینکٹ لکشمی، 18 سالہ این شنکر، 30 سالہ پی پولی نائیڈو اس کی بیوی 23 سالہ پی نارائن اماں، بیٹا 3 سالہ پی موہن، 22 سالہ درگا راؤ اور چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شیوا کی گئی ہے۔ کل رات 9:10 بجے نانک رام گوڑہ گچی باؤلی علاقہ میں 200 مربع گز پر تعمیر کی گئی غیرقانونی 7 عمارت اچانک منہدم ہوگئی تھی، جس کے نتیجہ میں مزدور پیشہ افراد پھنس گئے تھے۔ بچاؤ کاری آپریشن میں این ڈی آر ایف ٹیموں نے 8 گھنٹے سے زائد ملبہ میں دبے ہوئے ریکھا اور اس کے بیٹے دیپک کو محفوظ طریقہ سے نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی اور انہیں بہتر علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ ماں اور بیٹے کے سر پر زخم آئے لیکن ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے جبکہ ریکھا کا شوہر شیوا اس حادثہ میں فوت ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع موصول ہونے پر جائے حادثہ پر پہنچنے والے ریاستی وزراء اور میئر جی ایچ ایم سی نے صبح تک راحت کاری کاموں کا راست طور پر جائزہ لیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی  جناردھن ریڈی اور کمشنر پولیس سائبرآباد سندیپ شنڈالیہ نے بھی شخصی طور پر اس آپریشن کی نگرانی کی۔ ملبہ میں دبے ہوئے مزید مزدوروں کی نعشوں کو باہر نکالنے کا کام ہنوز جاری ہے اور جے سی بی مشینس کے ذریعہ ملبہ کو ہٹایا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT