Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواری

نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواری

حیدرآباد۔/5نومبر( سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری تقررات میں مسلمانوں کو 4فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں وضع کردہ نئے قواعد امیدواروں کیلئے مشکلات کا سبب بن چکے ہیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے تقررات سے متعلق امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ بی سی ای  سرٹیفکیٹ کے علاوہ نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ داخل کریں۔ کمیشن نے بی سی زمرہ کے A تا E طبقات کیلئے کاسٹ سرٹیفکیٹ کے علاوہ نان کریمی لیئر یعنی غریب طبقہ سے تعلق کا سرٹیفکیٹ داخل کرنے کی شرط رکھی ہے۔ اگرچہ یہ سرٹیفکیٹ سلیکشن اور انٹرویو کے موقع پر پیش کئے جانے ہیں تاہم امیدواروں کو منڈل ریونیو دفاتر میں سرٹیفکیٹ کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ منڈل ریوینیو آفیسرس کا کہنا ہے کہ حکومت نے باقاعدہ انہیں نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ کا پروفارما حوالے نہیں کیا  لہٰذا وہ یہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں دشواری محسوس کررہے ہیں۔ کئی اقلیتی طلباء اور ان کے سرپرستوں نے اس سلسلہ میں جی سدھیر کمیشن آف انکوائری سے رجوع ہوکر شکایت کی اور کہا کہ منڈل ریونیو آفیسرس کی سردمہری کے باعث وہ تقررات سے محروم ہوسکتے ہیں۔ کمیشن نے اس سلسلہ میں حکومت کو توجہ دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کے صدرنشین مسلم طلباء اور سرپرستوں کی شکایت کیساتھ حکومت کو مکتوب روانہ کرینگے جس میں نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ کی اجرائی میں تاخیر اور دشواریوں کا حوالہ دیا جائے گا۔ عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ کاسٹ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر اقلیتی طلباء کو نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جاری کریں۔ کمیشن آف انکوائری نے اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال محمد محمود علی کو توجہ دلانے کا فیصلہ کیا کیونکہ انہوں نے اس مسئلہ پر تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دینے کا اعلان کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT