Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / ناگول ، سکندرآباد میٹرو ٹرین کا 2 جون سے آغاز

ناگول ، سکندرآباد میٹرو ٹرین کا 2 جون سے آغاز

افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی مدعو
حیدرآباد /19 فبروری (سیاست نیوز)  حکومت تلنگانہ کی جانب سے حیدرآباد میٹرو ریل /2 جون کو عوام کیلئے کھول دی جائے گی ۔ 20 کیلو میٹر پر محیط میٹرو ٹرین جس کی تعمیرات مکمل ہوچکی ہے کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں عمل میں آئے گا ۔ حکومت کی جانب سے اگادی کے موقع پر میٹرو ٹرین کے آغاز سے متعلق سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس بات کے اشارے دیئے ہیں کہ کسی بھی صورت ناگول تا سکندرآباد تقریباً 9کیلو میٹر پر مشتمل میٹرو ٹرین کو عوام کیلئے کھول دیا جائے گا اور اسی طرح میاں پور تا ایس آر نگر تقریباً 12 کیلو میٹر کے سفر کا بھی اسی روز آغاز کردیا جائے گا ۔ حکومت تلنگانہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے متعدد اقدامات میں مصروف ہیں ۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے بہت جلد حیدرآباد میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے آغاز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ممبئی اور بنگلور میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے قیام کے بعد حیدرآباد کو بھی تجارتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کی تعمیر کے متعلق غورکیا جارہا ہے اور اس مرکز میں 100 ممالک سے تعلق رکھنے والے تجارتی مراکز کے دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے نواحی علاقے میں تعمیر کئے جانے والے اس پراجکٹ کا آغاز پبلک پرائیویٹ کے تحت کیا جائے گا اور اس کے لئے حکومت تلنگانہ بہت جلد ورلڈ ٹریڈ سنٹر اسوسی ایشن کی جانب سے لائسنس کے حصول کی کوشش کرے گی ۔ نیویارک میں موجود ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے صدر دفتر سے یہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا جو کہ 1970 ء میںبین الاقوامی تجارت کے فروغ کیلئے ایک غیرسرکاری تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ ریاستی وزیر صنعت مسٹر جے کرشنا راؤ نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ حیدرآباد کو عالمی شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے قیام کے منصوبے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ شہر حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ تجارتی مرکز میں بھی تبدیل کیا جاسکے ۔ ذرائع کے بموجب حیدرآباد میں جو ورلڈ ٹریڈ سنٹر قائم کیا جائے گا اس کی عمارت 30 تا 35 منزلہ ہوگی ۔ اس سلسلے میں ماہرین مشاورت کررہے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے حیدرآباد میں میٹرو ریل کے عملاً آغاز کے بعد حیدرآباد کی ٹریفک پر مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے اور بتایا جارہا ہے کہ ایل اینڈ ٹی کمپنی کی جانب سے بھی /2 جون کو مذکورہ 2  راہداریوں کے درمیان میٹرو ٹرین خدمات کا آغاز کردیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT