Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / نبی کریم ﷺ کے درسِ ماحولیات کی آج تعمیل

نبی کریم ﷺ کے درسِ ماحولیات کی آج تعمیل

جامعہ دارالھدیٰ میں ایک ہزار پودے لگائے جائیں گے، ایس آئی او و دیگر تنظیموں کی مہم
حیدرآباد ۔ /22 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے ضمن میں شجرکاری مہم چلائی جائے گی ۔ ایس آئی او کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ ایس آئی او کے ذمہ داران نے بتایا کہ /23 ڈسمبر کو جامعہ دارالھدیٰ پہاڑی شریف کے وسیع و عریض میدان میں ایک ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔ ایس آئی او حیدرآباد کو اس مہم میں اسلامک انفارمیشن سنٹر کا تعاون بھی حاصل ہے ۔ ایس آئی او کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تخریبی سرگرمیوں کے ذریعہ مخالفین جو نفرت پھیلارہے ہیں ان کا موثر جواب دیا جاسکتا ہے اسی لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت کو دیگر ابنائے وطن کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی تعلیمات کے مطابق ہی پودے لگانے کی مہم کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے دی گئی تعلیمات میں پودے لگانے کی تعلیم بھی شامل ہے ۔ ایس آئی او نے نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو عظیم ماہر ماحولیات قرار دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے امت کو ماحولیات کے تحفظ کا جو درس دیا ہے اسے عام کیا جانا ضروری ہے ۔ نبی کی تعلیمات میں درختوں اور تالابوں کے تحفظ کی تعلیمات بھی شامل ہیں ۔ اس بیان میں حدیث کے حوالے سے یہ بات بتائی گئی ہے کہ اگر کوئی مومن پودا لگاتا ہے یا بیج بوتا ہے اور اس سے کوئی پرندہ انسان یا جانور اپنا رزق حاصل کرتا ہے تو مومن کیلئے یہ عمل صدقہ ہوگا ۔ /23 ڈسمبر کو جامعہ دارالھدیٰ کے میدان میں چلائی جانے والی اس مہم میں انسائیٹ انٹرنیشنل اسکول ، ذکریٰ ہائی اسکول ، جامعہ دارالھدیٰ کے علاوہ دیگر اسکولوں کے طلبہ بھی شرکت کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT