Thursday , October 19 2017
Home / سیاسیات / نتیش سے راہول کی ملاقات عظیم اتحاد کو بچانے کی سعی

نتیش سے راہول کی ملاقات عظیم اتحاد کو بچانے کی سعی

نئی دہلی، 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں مہاگٹھ بندھن میں جاری کشیدگی کے درمیان ریاست کے وزیر اعلی اور جنتا دل یونائٹیڈ کے صدر نتیش کمار سے آج یہاں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ملاقات کی جسے ’عظیم اتحاد‘ کو بچانے کی کوشش سمجھا جارہا ہے۔ تاہم، بتایا جاتا ہے کہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے فرزند ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو کے تعلق سے نتیش کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ تیجسوی کو کرپشن کے الزامات اور مختلف مرکزی اداروں کی تحقیقات کا سامنا ہے۔ چنانچہ ان پر اپنا عہدہ چھوڑنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ مگر آر جے ڈی نے جے ڈی (یو) کے مطالبہ کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے کہ تیجسوی کو بے قصور ثابت ہونے تک اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہئے۔ نتیش قومی دارالحکومت میں نئے صدرجمہوریہ کے اعزاز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دئے جانے والے عشائیہ میں شرکت بھی کریں گے۔ سیاسی اعتبار سے نتیش کی یہاں مصروفیت پر خاصی توجہ دی جارہی ہے ۔ تیجسوی یادو کا نام بے نامی جائیداد معاملے میں آنے کے بعد مہاگٹھ بندھن کی حلیف جماعتیں راشٹریہ جنتادل اور جنتادل یو کے درمیان ٹکراؤ کی نوبت پیدا ہوگئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT