Tuesday , September 26 2017
Home / سیاسیات / نتیش کمار ، لالو پرساد کو مسلم چہرے پسند نہیں

نتیش کمار ، لالو پرساد کو مسلم چہرے پسند نہیں

ہمیشہ مسلم قائدین کو نظرانداز کردیا گیا: این سی پی لیڈر طارق انور
نئی دہلی۔16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی لیڈر طارق انور نے آج آر جے ڈی ، جنتادل یو، کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ پارٹیاں مسلم چہروں کو ہرگز پسند نہیں کرتیں، اس سیکولر اتحاد کو مسلم قائدین سے دلچسپی نہیں ہے۔ ان پارٹیوں نے ہمیشہ مسلم قائدین کو نظرانداز کیا ہے۔ این سی پی جنرل سیکریٹری اور لوک سبھا رکن حلقہ کٹھیار طارق انور نے کہا کہ ان کی پارٹی این سی پی ان کے علاقائی وزراء اور ورکرس سے بات چیت کررہی ہے اور بہار انتخابات کے لئے ان سے نشستوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور ہم 18 اگست کے بعد قطعی نتیجہ پر پہونچ جائیں گے۔ آر جے ڈی، جنتا دل (یو) اور کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے طارق انور نے الزام عائد کیا کہ لالو پرساد یادو اور نتیش کمار نہیں چاہتے کہ ان کے سامنے کوئی مسلم لیڈر کھڑا ہوسکے۔ یہ لوگ مسلم چہروں کو ہرگز پسند نہیں کرتے۔ ان کی پارٹیوں میں مسلم قائدین بھی نہیں ہیں۔ اگر کوئی مسلم لیڈر ہے تو اس کو دبا کر رکھ دیا جاتا ہے۔ یہ لوگ مسلم قائدین کو استعمال کرتے ہیں لیکن انہیں سیاسی طاقت نہیں دی جاتی۔ ان پارٹیوں کا احساس ہے کہ بی جے پی کی وجہ سے انہیں مسلمانوں کے ووٹ حاصل ہوں گے۔ انہیں اپنے مسلم ووٹ بینک پر کافی بھروسہ ہے۔ یہ لوگ نہ تو مسلم چہروں کو اور نہ ہی دلتوں کو پسند کرتے ہیں۔ ان کی سوچ یکسر غلط ہے۔واضح رہے کہ لالو پرساد یادو اور نتیش کمار نے بہار میں اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے کیلئے سیکولر اتحاد قائم کیا ہے جس کو کانگریس کی بھی تائید حاصل ہے۔

TOPPOPULARRECENT