Wednesday , September 20 2017
Home / سیاسیات / نتیش کمار آج عظیم اتحاد کے لیڈر منتخب ہونگے

نتیش کمار آج عظیم اتحاد کے لیڈر منتخب ہونگے

پٹنہ ، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتا دل (یونائیٹیڈ) کے لیڈر اور سبکدوش ہونے والے چیف منسٹر نتیش کمار کا بہار میں عظیم اتحاد کی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے کل ہفتہ کو منتخب ہوجانا یقینی ہے جبکہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کو آج اُن کی پارٹی کے لیجسلیٹرز نے اختیار سونپ دیا کہ نئی اسمبلی میں ان کے لیڈر کو نامزد کریں۔نتیش کمار کو عظیم اتحاد کے لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے طور پر کل اسمبلی احاطے میں منعقد شدنی میٹنگ میں باقاعدہ منتخب کیا جائے گا۔ اس میٹنگ کیلئے آر جے ڈی کے نومنتخب ارکان رابڑی دیوی کی سرکاری قیامگاہ سے مارچ کریں گے جہاں وہ دوپہر 1 بجے طئے شدہ اجلاس میں حصہ لیں گے، لالو پرساد نے میڈیا والوں کو یہ بات بتائی۔ آر جے ڈی کی لیجسلیچر پارٹی نے 79 نومنتخب ایم ایل ایز اور قانون ساز کونسل کے پانچ ارکان کے ساتھ آج اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا جس کے دوران متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کے لیڈر کے انتخاب اور 16 ویں ریاستی اسمبلی میں عظیم اتحاد کی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے نتیش کمار کو نامزد کرنے کیلئے لالو پرساد کو مجاز قرار دیا جائے ۔ لالو پرساد نے کہا کہ آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی لیڈر کا فیصلہ وہی کریں گے۔ 243 رکنی ایوان کیلئے عظیم اتحاد نے 178 نشستیں جیتے جن میں آر جے ڈی کی 80 ، جے ڈی (یو) کی 71 اور کانگریس کی 27 سیٹیں ہیں۔ اس طرح سکیولر اتحاد نے این ڈی اے کو ذلت آمیز شکست دی جسے صرف 58 نشستیں حاصل ہوسکیں جن میں سے بی جے پی کے حصے میں 53 سیٹیں آئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT