Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / نتیش کمار کا 6 گھنٹے طویل عوامی دربار

نتیش کمار کا 6 گھنٹے طویل عوامی دربار

ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو پہلی مرتبہ شریک ، لالو پرساد کے متوازی جنتا دربار کی مدافعت
پٹنہ۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر نتیش کمار نے آج عوامی رابطہ کا 6 گھنٹے طویل پروگرام منعقد کیا جس میں انہوں نے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کے عہدیداروں نے بتایا کہ نتیش کمار نے 826 افراد کی شکایت کی سماعت کی جن میں 150 خواتین شامل ہیں۔ نتیش کمار ہفتہ وار ’’جنتا کے دربار میں مکھیا منتری‘‘ پروگرام کے تحت 10:30 بجے صبح یہاں پہنچ گئے تھے اور عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو اِن شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایات دے رہے تھے۔ یہ پروگرام 4:30 بجے تک جاری رہا۔ نتیش کمار کا بحیثیت چیف منسٹر جائزہ لینے کے بعد اس نوعیت کا یہ دوسرا پروگرام تھا۔ اس سے پہلے یکم فروری کو انہوں نے 9 گھنٹے تک عوامی مسائل کی سماعت کی۔ یہ ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو کا پہلا تجربہ رہا۔ انہوں نے بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کے لئے اچھا تجربہ رہا۔ عوام کی کثیر تعداد اُن کے والد لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے مسائل پیش کرتی تھی، اس وقت وہ موجود ہوتے تھے۔ تجسوی نے کہا کہ یہ ان کیلئے کوئی نئی بات نہیں، اور وہ ہمیشہ عوام کے ساتھ ہی رہے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادوکی جانب سے متوازی جنتا دربار منعقد کرنے کے الزامات کو تجسوی مسترد کردیا اور کہا کہ اتحاد میں شامل تمام قائدین نتیش کمار کی قیادت میں ریاست کو ترقی کی راہ پر لانے کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی بھی جنتا دربار منعقد کرتے ہیں۔ اگر لالو پرساد یادو، عوام سے رابطہ قائم کریں تو اس میں غلط کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT