Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / نتیش کمار کی چیف منسٹر بہار کی حیثیت سے آج حلف برداری

نتیش کمار کی چیف منسٹر بہار کی حیثیت سے آج حلف برداری

لالو یادو کے فرزند ڈپٹی چیف منسٹرممکن ،تقریب میں ملک کے اہم سیاسی قائدین کی شرکت کا امکان ۔ تمام تیاریاں مکمل
پٹنہ 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں کل جمعہ کو نتیش کمار چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ یہ ان کی تیسری حلف برداری ہوگی ۔لالو پرساد کے دونوں بیٹے تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو کابینی وزراء بنایا جائے گا ۔ آر جے ڈی کے ذرائع کے بموجب تیجسوی یادو بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے اور لالو کے قدیم وفادار عبدالباری صدیقی وزیر فینانس بنائے جائیں گے ۔ اس تقریب میں کئی سیاسی قائدین کی شرکت کا امکان ہے جن میں اکثریت غیر بی جے پی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کی ہوگی ۔ یہ شمولیت مستقبل میں نئی سیاسی صف بندیوں کا اشارہ بھی ہوسکتی ہے ۔ گاندھی میدان پر اس تقریب کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس تقریب میں حلیف جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ‘ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا ‘ این سی پی کے سربراہ شرد پوار ‘ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ کے علاوہ لوک سبھا و راجیہ سبھا میں کانگریس قائدین ملکارجن کھرگے اور غلام نبی آزاد شامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی چیف منسٹر نتیش کمار نے تقریب حلف برداری کیلئے مدعو کیا تھا لیکن وہ تقریب میںشرکت نہیں کرینگے ۔ نریندر مودی نے تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے مرکزی وزرا وینکیا نائیڈو اور راجیو پرتاپ روڈی کو ذمہ داری سونپی ہے ۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کل کی تقریب میں تمام غیر بی جے پی جماعتوں کے قائدین شامل نہیں ہونگے کیونکہ انہیں اپنی اپنی ریاستوں میں سیاسی اختلافات کا سامنا ہوسکتا ہے اس کے باوجود ایسے قائدین کی اکثریت یہاں موجود رہے گی ۔ تقریب میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کے علاوہ چیف منسٹر یو پی اکھیلیش یادو اور سکیم کے چیف منسٹر پی کے چاملنگ کو بھی تقریب کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ کانگریس کے چیف منسٹروں ویر بھدرا سنگھ ( ہماچل پردیش ) سدا رامیا ( کرناٹک ) ترون گوگوئی ( آسام ) ابوبی سنگھ ( منی پور ) اور نابم ٹوکی ( اروناچل پردیش ) شامل ہیں۔ سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری ‘ سی پی آئی کے ڈی راجہ کے علاوہ ڈی ایم کے کے ایم کے اسٹالن نے کل کی تقریب میں اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے ۔ جموںو کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ ‘ دہلی کی سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشت ‘ ہریانہ کے سابق چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا ‘ سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ اجیت جوگی ‘ بابو لال مرانڈی ‘ ہیمنت سورین اور شنکر سنگھ واگھیلہ بھی کل کی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں۔

انڈین نیشنل لوک دل کے اجیت سنگھ اور سابق مرکزی وزیر و این سی پی لیڈر پرافل پٹیل بھی شرکت کرینگے ۔ مزید جن قائدین نے شرکت کی توثیق کردی ہے ان میں انڈین نیشنل لوک دل کے ابھئے چوٹالہ ‘ معروف قانون داں رام جیٹھ ملانی ‘ راج ببر اور ایچ کے دوا بھی شامل ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور جے ڈی یو کے صدر شرد یادو بھی تقریب میں موجود رہیں گے ۔ ملک کی اہم سیاسی جماعتوں کے اعلی قائدین کی شرکت کے ساتھ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ تقریب مستقبل میں نئی سیاسی صف بندیوں کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے تاہم جنتادل یو کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے کہا کہ تقریب حلف برداری تقریب کو سیاسی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت نہںے ہے ۔ تقریب حلف برداری کیلئے مہمانوں کو مدعو کرنا صحتمند سیاسی اخلاق کی علامت ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے کہا گیا ہے کہ تقریب حلف برداری کے بعد اہم شخصیتوں کیلئے چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پر چائے کا اہتمام رہے گا۔ گاندھی میدان پر  2 بجے دن ہونے والی تقریب کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔کئی اہم شخصیتوں کی شرکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے زائد از 2000 سکیوریٹی اہلکاروں کو یہاں متعین کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT