Thursday , August 24 2017
Home / سیاسیات / نتیش کمار کے قومی عزائم ‘ بہار میں حکمرانی نظر انداز

نتیش کمار کے قومی عزائم ‘ بہار میں حکمرانی نظر انداز

ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی سنگین ۔ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی کا بیان

پٹنہ 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل مودی نے آج الزام عائد کیا کہ مہا گٹھ بندھن کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے ریاست میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار اپنے قومی عزائم کی وجہ سے ریاست میں حکمرانی کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجرمین آسانی سے جرائم کر رہے ہیں۔ ان میں قتل بھی شامل ہیں۔ ایسے عناصر سے عدالتوں کے احاطے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر حکمرانی کے سوا ہر چیز پر توجہ کر رہے ہیں۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بدستور بگڑتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وزیر اعظم بننے کا خواب رکھنے والے نتیش کمار ریاست میں حکمرانی کو نظر انداز کرتے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ نتیش کمار نے حال ہی میں اپوزیشن جماعتوں سے کہا تھا کہ وہ 2019 کے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے متحد ہوجائیں۔

سشیل مودی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نتیش کمار ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ذمہ داری کو بہتر بنانے یا اپنے قومی عزائم کو پورا کرنے کے تعلق سے فیصلہ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے قومی عزائم زیادہ اہمیت کے حامل ہیں تو انہیں چیف منسٹر کا عہدہ اپنے نائب تیجسوی یادو کے حق میں چھوڑ دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مہا گٹھ بندھن کی سب سے بڑی پارٹی آر جے ڈی کو ریاست کا اقتدار سونپ دینا بہتر ہوگا ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر تنقید کی کہ انہوں نے ریاست کی پولیس پر نشہ بندی نافذ کرنے کی اضافی ذمہ داری عائد کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ریاست کی پولیس پر لا اینڈ آرڈر کی بھاری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خود برسر اقتدار جماعتوں کے قائدین کے افراد خاندان بھی ریاست میں خود کو محفوظ متصور نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوجی کینٹینس میں بھی شراب کی فروخت پر امتناع عائد کیا جاناچ اہئے اور تمباکو کی اشیا کی فروخت پر بھی امتناع عائد کیا جانا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT