Sunday , July 23 2017
Home / Top Stories / نجران آتشزدگی میں 11 ہندوستانی فوت ہوئے

نجران آتشزدگی میں 11 ہندوستانی فوت ہوئے

چار مہلوکین کا یو پی، تین کا کیرالا سے تعلق : وزارت خارجہ
جدہ ؍ نئی دہلی، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے جنوبی شہر نجران میں مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں گیارہ ہندوستانی دم گھٹنے سے فوت ہوگئے، وزارت خارجہ نے یہ اطلاع دی ہے۔ ہندوستان کا قونصل خانہ واقع جدہ متوفی اور متاثرہ ہندوستانیوں کے خاندان کو ہرممکن مدد فراہم کررہا ہے۔ جو ہندوستانی آتشزدگی میں ہلاک ہوئے ہیں، ان میں 4 یوپی، تین کیرالا، ایک بہار اور ایک ٹاملناڈو کا متوطن ہے۔ باقی دو کے بارے میں تفصیلات کی توثیق نہیں ہوسکی۔ گیارہ ہندوستانی مہلوکین کے علاوہ پانچ ہندوستانی زخمی بھی ہوئے۔ جس مکان میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اس میں کھڑکیاں نہیں ہیں۔ ہندوستانی شہری اسی مکان میں مقیم تھے۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے کہاکہ قونصل جنرل آف انڈیا جدہ کی جانب سے متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔ عرب نیوز کی خبر کے بموجب گیارہ افراد دم گھٹ کر ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔ ایک کھیت کے پاس واقع گھر میں جس میں کھڑکیاں نہیں ، یہ لوگ مقیم تھے۔ سعودی عرب میں بالعموم مکانات میں کھڑکیاں نہیں ہوتیں تاکہ اے سی (A/C) کی بہتر کارکردگی یقینی بنائی جائے۔ مقامی سیول اور ریونیو اتھاریٹی نے کہاکہ اس مکان میں بھی کھڑکیاں نہیں تھیں اور یہ ہوادار نہیں تھا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے نئی دہلی میں کہاکہ آتش فرو عملہ نے آگ بجھادی ہے۔ ان کی قونصل جنرل جدہ سے بات چیت ہوئی ہے۔ وہ تازہ ترین تفصیلات سے انھیں واقف کروا رہے ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہاکہ زخمیوں کی تفصیلات کی توثیق کی جارہی ہے۔ مہلوکین میں گوری شنکر گپتا، کاما پالن ستین، بیجو راگھون، سربجیت کوٹلا میری، میرو کنڈن کالیان، تبریز خان، عتیق احمد، وسیم اکرم، وکیل احمد ، پارسی کمار صوبیدار اور محمد وسیم عزیز الرحمن شامل ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT