Wednesday , August 23 2017
Home / دنیا / نجیب رزاق کو طیارہ کا ملبہ ملنے کا ہنوز یقین

نجیب رزاق کو طیارہ کا ملبہ ملنے کا ہنوز یقین

مہلوکین کے رشتہ دار پراسرار معمہ کو سلجھانے کے حق میں نہیں
کوالالمپور ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ملائیشیا نجیب رزاق نے آج ایک ایسا بیان دیا جو اس اسلامی قول پر صادق آتی ہے کہ ’’مایوسی کفر ہے‘‘ کیونکہ MH-370 طیارہ کے لاپتہ ہونے کے دو سال بعد بھی انہوں نے کہا کہ اس کا ملبہ ملنے کا انہیں آج بھی پورا یقین ہے جبکہ دوسری طرف ان 239 مہلوک مسافرین کے رشتہ دار یہ چاہتے ہیں کہ اب اس معاملہ کی جانچ پڑتال یا اس پراسرار معمہ کو سلجھانے کی کوشش ترک کردینی چاہئے۔ نجیب رزاق نے کہا کہ ملائشیا، آسٹریلیا اور چین جلد ہی ایک اہم اجلاس کا انعقاد کریں گے۔ فی الحال بحرہ ہند کے 120,000 مربع کیلو میٹر کے سمندری علاقہ میں بھی (جہاں فی الحال ملبہ کی تلاش جاری ہے) اگر طیارہ کا ملبہ نہیں ملے گا تو اس صورت میں منعقد شدنی اجلاس میں تینوں ممالک اپنے آئندہ لائحہ عمل کو وضع کریں گے۔ 8 مارچ 2014ء کو 239 مسافروں کے ساتھ فلائیٹ MH-370 کوالالمپور سے بیجنگ جارہی تھی کہ وہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ مہلوک مسافرین میں پانچ ہندوستانی بھی شامل ہیں۔ طیارہ کی تلاش کرنے والی انٹرنیشنل انوسٹی گیشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں فلائیٹ MH-370 کے لاپتہ ہوجانے کے معاملہ کو انتہائی پراسرار قرار دیا ہے۔ ہوا بازی کی تاریخ میں MH-370 طیارہ کی تلاش اب تک کی پیچیدہ اور مشکل ترین تلاش ہے۔ نجیب رزاق نے کہا کہ آج بھی ان کی تمام تر ہمدردیاں مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کی صورت میں طیارہ کی تلاش اور اس کو دریافت کرنے کی ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہوتی ہے اور یہی وجہ ہیکہ تلاش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT