Friday , March 24 2017
Home / شہر کی خبریں / نرسمہا ریڈی حالات سے غافل وزیر داخلہ ‘ تلنگانہ پردیش کانگریس کا الزام

نرسمہا ریڈی حالات سے غافل وزیر داخلہ ‘ تلنگانہ پردیش کانگریس کا الزام

حیدرآباد 7 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے این نرسمہا ریڈی کو حالات سے غافل وزیرداخلہ قرار دیتے ہوئے گزشتہ ڈھائی سال میں 8 سب انسپکٹرس کی خودکشی پر تشویش کا اظہار کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی نے کہاکہ وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کی حالت ’گاؤں جلے ہنومان باہر‘ کی طرح ہے۔ ریاست میں جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے جملہ 8 سب انسپکٹرس نے خودکشی کرلی۔ اس سے بُری حالت اور کیا ہوسکتی ہے۔ سب انسپکٹرس نے خودکشی کیوں کی، وزیرداخلہ نے اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش تک نہیں کی۔ تحقیقات کرانا تو دور خودکشی کرنے والے سب انسپکٹرس کے ارکان خاندان کو پرسہ دینا بھی گوارا نہیں کیا۔ ریاست میں انکاؤنٹرس بھی ہورہے ہیں، اس کا بھی وزیرداخلہ کو کوئی علم نہیں ہے۔ کئی مقدمات میں پولیس نے کیا فیصلہ کیا ہے اور عدلیہ کو کیا رپورٹ دی اس کا بھی انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ حکومت اور پولیس کیلئے کارآمد ثابت نہ ہونے والے وزیرداخلہ کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسڈنٹ ملو بٹی پر تنقید کرنا زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے نرسمہا ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ڈھائی سالہ کارکردگی کا محاسبہ کریں۔ ربر اسٹامپ بن کر رہنے کے بجائے اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں۔ بصورت دیگر انھیں اور ٹی آر ایس حکومت کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس کو اقتدار سونپ سکتے ہیں تو اقتدار سے محروم کرنے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT