Thursday , August 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نرمل میں 22 اپریل کو ’’دین بچاؤ ، دستور بچاؤ‘‘ جلسہ

نرمل میں 22 اپریل کو ’’دین بچاؤ ، دستور بچاؤ‘‘ جلسہ

نرمل۔ 10 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مفتی محمد ریاض الدین انصاری القاسمی نمائندہ ’’دین بچاؤ، دستور بچاؤ‘‘ مہم نرمل کی اطلاع کے بموجب 22 اپریل بروز جمعہ بعد نماز مغرب بمقام جونیر کالج گراؤنڈ نرمل میں ’’دین بچاؤ، دستور بچاؤ‘‘ کا جلسۂ عام منعقد ہوگا۔ اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں اچانک بام سیف دلت طبقات کا ایک نمائندہ وفد حیدرآباد سے نرمل پہونچا۔ انتظامات کو قطعیت دینے کے سلسلے میں دلت نمائندوں کے ساتھ دفتر جماعت اسلامی نرمل میں میٹنگ ہوئی جس میں کنوینر جلسہ مختار احمد خاں سرپرست مولانا عبدالعلیم قاسمی، مولانا امتیاز خاں مفتاحی، مولانا مبین قاسمی، مفتی ظفر بیگ قاسمی، منظور محی الدین، جماعت اسلامی، محمد اسحاق جماعت اسلامی و اہل حدیث کے ذمہ داران کے علاوہ عمائدین شہر اور بام سیلف کے ذمہ داران جن کا تعلق ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے ہے جن میں قابل ذکر تلنگانہ بام سیف کے انچارج شکیل بھائی مکاندار جنہوں نے ’’دین بچاؤ، دستور بچاؤ‘‘ مہم کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ چند مٹھی بھر افراد جن کی تعداد بہت کم ہے، وہ اب ہمارے ملک پر قابض ہے، وہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ایسا نظام زبردستی تھوپنا چاہتے ہیں جو ہمارے مذہب کے خلاف ہے، دستور میں دخل اندازی کرکے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ مسلمانوں کی طرح دلت قوم بھی برسوں سے مظلومی کا شکار ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان، دلت اور دیگر اقلیتیں ظالم حکمرانوں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں اور ملک کو ظالم حکمرانوں سے آزاد کرائیں اور دستور کو بچانے کی کوشش کریں۔ بام سیف کے ذمہ داروں نے 22 اپریل کو ہونے والے اجلاس عام کو کامیاب بنانے کیلئے مسلمانوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات سے اپیل کی۔ 22 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں ملک کے مایہ ناز خطیب اور دستور پر گہری نظر رکھنے والے عالم دین مولانا ولی رحمانی کارگذار جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، وامن مشرا صدر بھارت مکتی مورچہ کے علاوہ ہر مسلک کے ذمہ دار علماء کرام و اقلیتوں کے مختلف نمائندہ حضرات کے بیانات ہوں گے۔ عوام سے خواہش کی جاتی ہے کہ عنوان کی اہمیت کے پیش نظر اپنی شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کریں اور جلسہ کو کامیاب بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT