Tuesday , October 24 2017
Home / سیاسیات / نریندر مودی دنیا کی نویں بااثر شخصیت : فوربس

نریندر مودی دنیا کی نویں بااثر شخصیت : فوربس

اصلاحات کے ایجنڈہ پر عمل اور تنگ مزاج اپوزیشن پر کنٹرول کا مشورہ
نیویارک ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو فوربس میگزین نے 2015ء کی تازہ فہرست میں دنیا کی نویں بااثر شخصیت قرار دیا ہے۔ اس فہرست میں صدر روس ولادیمیر پوٹن نمبر ایک مقام پر ہیں۔ 2014ء میں مودی 14 ویں مقام پر تھے اور اس بار وہ نویں مقام پر پہنچ گئے۔ فوربس نے آج اس فہرست کی اجرائی کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں 1.2 بلین عوام کی حکمرانی کیلئے ’’صرف مصافحہ‘‘ سے بھی آگے بہت کچھ کرنا ہوتا ہے اور نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ ان کی پارٹی بی جے پی کے اصلاحات کے ایجنڈہ کو آگے بڑھائیں اور تنگ مزاج اپوزیشن کو کنٹرول میں کریں۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل دوسرے اور ان کے بعد صدر امریکہ بارک اوباما تیسرے مقام پر ہیں۔ پوپ فرانسیس کو چوتھا اور صدر چین ژی جن پنگ کو پانچواں مقام دیا گیا ہے۔

نریندرمودی جو نویں مقام پر ہیں ان کے علاوہ دیگر 10 بااثر شخصیتوں میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس چھٹے، امریکی فیڈرل ریزرو کے چیرپرسن جینٹ یلن ساتویں، وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون آٹھویں اور گلوگل کا لیری پیج دسویں مقام پر ہیں۔ مودی کے بارے میں میگزین میں لکھا گیا ہیکہ ہندوستان کے مقبول وزیراعظم نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے سال جی ڈی پی ترقی کو 7.4 فیصد تک پہنچایا۔ اس کے علاوہ بارک اوباما اور ژی جن پنگ کے ساتھ سرکاری دورے کرتے ہوئے خود کو ایک عالمی لیڈر کے طور پر پیش کیا۔ سلیکان ویلی کے ان کے دورہ سے ٹیکنالوجی کے شعبہ کو ہندوستان میں دی جانے والی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم 1.2 ملین عوام کی حکمرانی کیلئے ہاتھ ملانے سے زیادہ مزید بہت کچھ کیا جانا ضروری ہے۔ مودی کو چاہئے کہ وہ پارٹی کے اصلاحات کے ایجنڈہ کو آگے بڑھائیں اور تنگ مزاج اپوزیشن کو کنٹرول میں کریں۔ دنیا کی بااثر شخصیتوں کی فہرست میں ایک اور ہندوستانی ریلائنس انڈسٹریز کے صدرنشین مکیش امبانی ہیں جو 30 ویں مقام پر ہیں۔ ہندوستانی نژاد افراد میں فولاد کے تاجر لکشمی متل 56 ویں اور مائیکرو سافٹ سی ای او ستیہ ناڈیلا 61 ویں مقام پر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT