Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / نریندر مودی دور حکومت میں اقلیتوں پر مظالم کا اضافہ

نریندر مودی دور حکومت میں اقلیتوں پر مظالم کا اضافہ

کانگریس سیکولر پارٹی ، صدر تلنگانہ پی سی سی کیپٹن اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے نریندر مودی کے دور حکومت میں اقلیتوں پر مظالم بڑھ جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس کو سیکولر جماعت قرار دیا ۔ گاندھی بھون میں کرسمس تقریب کا اہتمام کیا گیا اور کیک کاٹا گیا ۔ اس موقع پر گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین صدر تلنگانہ کانگریس ایس سی ڈپارٹمنٹ مسٹر کرشنا کے علاوہ دیپک جان اور دوسرے موجود تھے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے اور اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کے علاوہ اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے ۔ مرکز پر نریندر مودی کی حکومت قائم ہوجانے کے بعد اقلیتوں مسلمانوں اور کرسچن طبقات پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ دہلی کے علاوہ ملک کے مختلف مقامات پر گرجا گھروں کو نقصان پہونچایا گیا ہے ۔ اقلیتوں کی حق تلفی کی جارہی ہے ۔ ریاست میں بھی کرسچن طبقات کے ساتھ کوئی انصاف نہیں ہوا ہے ۔ گذشتہ کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے کرسچن بھون کا اعلان کیا لیکن آج تک کرسچن بھون تعمیر نہیں ہوا ۔ ملک میں کانگریس ہی واحد سیکولر جماعت ہے ۔کانگریس کے دور حکومت میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ مکمل انصاف ہوا ہے ۔ تمام فلاحی اسکیمات میں اقلیتوں کو بھی برابر کا حصہ دار بنایا گیا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے تمام عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں میں عیسائی طبقہ ملک میں دوسری بڑی اقلیت ہے اور کانگریس کے دور حکومت میں ہی تمام شعبوں میں اقلیتوں سے انصاف ہوا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ عیسائی طبقہ کے ساتھ ان کے مسائل اور ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائے گی اور حکومت پر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عیسائی طبقات اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریں ۔ مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقلیتی طبقات بھی ان کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT