Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / نزول قرآن مجید، روزے، نماز تراویح، شب قدر : رمضان المبارک کے خصائص

نزول قرآن مجید، روزے، نماز تراویح، شب قدر : رمضان المبارک کے خصائص

آئی ہرک کا مذاکرہ ’’فضائل واعمال رمضان‘‘ ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ،پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر حضرات کے خطابات
حیدرآباد ۔21؍مئی( پریس نوٹ) نزول قرآن مجید اور فریضہ صوم کا مقدس اور بابرکت مہینہ رمضان مبارک اہل ایمان کو عبادتوں میں زیادتی، ذکر و تسبیح، تلاوت قرآن مجید اور سماعت میں مزید انہماک، اعمال خیر کی کثرت اور مخلوق کی خدمت میں اضافہ کی ہدایات خاص کے ساتھ سایہ فگن ہونے والا ہے۔ اکل و شرب و جماع سے اوقات روزہ میں اجتناب کی طرح تمام برائیوں اور ممنوعات سے دائماً دور رہنا روزہ کا منشاء و مقصد ہے۔ نماز تراویح اس ماہ مبارک کی خصوصی عبادت ہے جو سنت موکدہ اور ہر مسلمان کے لئے اس کا ادا کرنا ضروری ہے۔ رمضان شریف میں صبح صادق سے غروب آفتاب تک جس طرح کھانے، پانی پینے اور قربت خاص سے رکے رہنا عبادت اور باعث اجر خاص ہے اسی طرح رات میں ان تمام امور کی رخصت و اجازت اللہ کی رحمت ہے امم سابقہ سحری سے محروم تھیں لیکن امت محمدؐیہ کو سحری کے کھانے اور حصول برکات کا موقع عنایت ربانی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں سحری کے لقمے فرق ہیں۔ وقت پورا ہو جانے کے بعد افطار میں عجلت بھلائی کی علامت و ضمانت ہے۔ بوقت افطار روزہ دار کی دعا رد نہیں ہوتی۔ رمضان مبارک میں شب قدر ایسی عظیم و مکرم رات ہے جسے ایک ہزار مہینوں سے زیادہ افضل بنا دیا گیا کیوں کہ اس شب مبارکہ میں خالق کونین نے اپنا کلام حق نازل فرمایا اور رسول اللہ ؐنے یہ نوید سرفراز فرمائی کہ جس شخص نے شب قدر میں ایمان و اخلاص کے ساتھ عبادت کی تو اللہ تعالیٰ اس کے پچھلے گناہوں کو بخش دیتا ہے اور اپنے بندوں پر اس رات خاص توجہ اور نگاہ رحمت فرماتا ہے۔ نماز اور روزہ بدنی اور زکوٰۃ مالی عبادت ہے ماہ صیام میں مومن بندوں کو ان تمام عبادتوں کی سعادت ایک ساتھ نصیب ہوتی ہے۔ علماء کرام اور دانشور حضرات نے آج صبح 9 بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی اور 11.30بجے دن جامع مسجدمحبوب شاہی مالا کنٹہ روڈ، روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ا(نڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام ’1252‘ ویں تاریخ اسلام اجلاس کے دونوں سیشنوں میں منعقدہ موضوعاتی مذاکرہ ’’فضائل واعمال رمضان‘‘میں حصہ لیتے ہوے ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کیا۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کی۔قرآن حکیم کی آیات شریفہ کی تلاوت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐپیش کی گئی اہل علم اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے مذاکرہ کا آغاز کرتے ہوے کہا کہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ جو ایمان و اخلاص سے روزے رکھے اور راتوں میں عبادت کرے تو اس کے پچھلے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔حدیث قدسی ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے روزہ میرے لئے ہے اور اس کی جزاء میں دوں گا۔ جناب سید محمد علی موسیٰ رضا قادری حمیدی نے اپنے مقالہ میں کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی خصوصیات میں نماز تراویح کی ادائیگی ہے۔ تراویح مرد و عورت سب کے لئے بالاجماع سنت موکدہ ہے اور اس کا ترک کرنا جائز نہیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خود بھی تراویح پڑھی اور اسے بہت پسند فرمایا۔جمہور کے نزدیک تراویح کی بیس رکعتیں ہیں اس کا وقت فرض عشاء کے بعد سے طلوع فجر تک ہے۔ تراویح میں ایک بار قرآن حکیم ختم کرنا سنت موکدہ ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT