Tuesday , August 22 2017
Home / دنیا / نشہ میں دُھت مسافر کی وجہ سے طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ

نشہ میں دُھت مسافر کی وجہ سے طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ

لندن۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک انوکھے واقعہ میں جو ایک طیارہ میں دوران پرواز پیش آیا۔ ایک برطانوی مسافر جو نشہ میں دھت تھا، نے 30,000 فٹ کی بلندی پر طیارہ کے دروازہ کو کھولنے کی کوشش کی جس کے بعد طیارہ کو ہنگامی لینڈنگ کے لئے مجبور ہونا پڑا۔ 180 مسافرین کی گنجائش والی ایربس A-320 ایزی جیٹ فلائٹ مراقش سے لندن کی پرواز پر تھی، تاہم اسے مذکورہ بالا واقعہ کی وجہ سے فرانس کی جانب اپنا رخ موڑنا پڑا اور بالآخر بارڈیا میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی جب 30,000 فٹ کی بلندی پر نشہ میں دھت ایک برطانوی مسافر نے مبینہ طور پر طیارہ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ مسافر کی اس حرکت سے طیارہ میں سوار دیگر مسافرین دہشت زدہ ہوگئے۔ ٹیک آف کے بعد ہی مذکورہ مسافر اپنی نشست سے اُٹھ کر یہاں وہاں ٹہلنے لگا جیسے اسے کسی چیز کی تلاش ہو، جب اس کی گرل فرینڈ نے اسے بٹھانے کی کوشش کی تو اس نے اسے ایک جانب ڈھکیل دیا۔ اس کے بعد بھی اس نے اپنی حرکتیں جاری رکھیں اور طیارہ کے ہنگامی دروازے کو کھولنے کی کوشش کرتا رہا جبکہ دیگر مسافرین نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن بے سود ثابت ہوئی۔ فرانس میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد برطانوی مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT